(شہزاد خان ابدالی)سوا کروڑ کی آبادی والے شہر کیلئے صرف60 پرائس کنٹرول تعینات ،ڈی سی لاہور محمد عمر شیر چھٹہ نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی فہرست جاری کردی۔ شہریوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوا کروڑ کی آبادی والے شہر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر،گراں فروشی کیسے رکے گی۔
تفصیلات کے مطابق بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کنٹرول سے باہر،مگر ڈی سی کے احکامات پر احکامات جاری ہیں، سوا کروڑ آبادی والے شہر میں گراں فروشی روکنے کیلئے صرف 60 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات کیے گے ہیں۔ وسیع وعریض تحصیل کینٹ میں صرف 6،رقبے کے اعتبار سے بڑی تحصیل رایئونڈ میں ناجائز منافع خوری روکنے کیلئے صرف 7 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات ہیں۔
اسی طرح وسیع وعریض تحصیل شالیمار میں قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے صرف 8 مجسٹریٹس جبکہ تحصیل ماڈل ٹاون میں گراں فروشی روکنے کیلئے صرف 13 مجسٹریٹس تعینات ہیں اسی طرح تحصیل سٹی 19جبکہ 8 مجسٹریٹس کو پورے لاہور میں کاروایئوں کا اختیار دیا گیا۔
ڈی سی لاہور نے60 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا ہے ۔نوٹیفیکشن میں واضح کیا گیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس حدود سے باہر نیلی بتی کا استعمال نہیں کریں گے اور ماہانہ رپورٹ 5 تاریخ تک ڈی سی آفس جمع کرانے کے پابند ہونگے ۔