( قذافی بٹ ) پی ڈی ایم کی حکومت پر تنقید کا مناسب جواب نہیں دیا جا رہا، وزیراعظم عمران خان حکومتی ترجمانوں کی کاکردگی سے نالاں اور بہتری کیلئے تنبیہ جاری کردی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں پر برہمی اظہار کرتے ہوئے ان کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ترجمان نہ تو پی ڈی ایم کو مناسب جواب دے رہے ہیں نہ حکومت کی کارکردگی درست طریقے سے سامنے لائی جارہی ہے۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے کئی وزرا بھی اپوزیشن کو جواب دینے کی بجائے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ترجمانوں اور وزرا سے ان امور سے متعلق پوچھا جائے گا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم نے وزیراعظم سے 31 جنوری تک استعفے کا مطالبہ کیا ہے اور استعفیٰ نہ دینے کی صورت میں لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چيئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر 31 جنوری تک عمران خان نے استعفیٰ نہ دیا تو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تاریکیاں چھٹنے والی ہیں، چوروں کے اس ٹولے کا وقت ختم ہوگیا، دمادم مست قلندر کا نعرہ لگا کراِس کٹھ پتلی کو بھگائيں گے۔ اب عوام اس سلیکٹڈ کو نہیں چھوڑيں گے، عمران خان نہ عوام کے نمائندے ہیں نہ منتخب وزيراعظم ہیں، ہم ہرظالم اور جابر سے ٹکرائیں گے۔ وزیر اعظم نے 31 جنوری تک استعفٰی نہ دیا تو اسلام آباد کی طرف مارچ ہوگا۔