(سپورٹس ڈیسک) پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ سیزن میں شرکت کیلئے آسٹریلوی فاسٹ باؤلر ایرون سمرز پاکستان پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر ایرون سمرز ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ( پاکستان کپ) میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئے۔ ایرون سمرز 8 جنوری سے کراچی میں شروع ہونے والے پاکستان کپ میں شرکت کریں گے، ایرو ن سمرز ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب کی نمائندگی کریں گے ، وہ لاہور میں اظہر محمود کی زیرنگرانی میں ایک ہفتہ ٹریننگ کے بعد کراچی روانہ ہوں گے۔
آسٹریلوی فاسٹ باؤلر ایرون سمرز پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے والے پہلے آسٹریلوی کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ 24 سالہ ایرون سمرز جنوبی پنجاب کی طرف سے 2021 کے نیشنل ون ڈے کپ میں کھیلیں گے، نیشنل ون ڈے کپ 8 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا اور جنوری کے آخر تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں ایرون سمرز پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں، 2019 میں پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں پاکستان کا دورہ بھی کرچکے ہیں۔