سات سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

28 Dec, 2020 | 02:38 PM

Arslan Sheikh
Read more!

(عابد چودھری ) سندر میں سات سالہ بچی کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا، قاتل کوئی اور نہیں کم سن مقتولہ کا تایا زاد کزن نکلا، ملزم نے دوست کے ساتھ مل کر گھناؤنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے سندر میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاںسات سالہ بچی گزشتہ روز اغوا ہوئی۔ ورثاء نے اغواء کا مقدمہ درج کروایا اور شک گزرنے پر بچی کے تایا زاد رضوان سے پوچھ گچھ کی جس دوران ملزم نے ساتھی سمیت زیادتی کے بعد قتل کا اعتراف کرلیا۔

پولیس نے ملزم رضوان اور اس کے دوست کو گرفتار کیا اور ملزموں کی نشاندہی پر بچی کی لاش جوہڑ سے برآمد کر لی۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کردیا۔ علاقہ مکینوں نے ملزم کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے اعترافی بیان اور فرانزک شواہد کو تفتیش کا حصہ بناکر چالان مرتب کیا جائے گا

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سندر میں اغواء کے بعد بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور عمر شیخ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے گرفتار ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم بھی دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ملزمان قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ بچی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت بھی کیا۔ 

مزیدخبریں