ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھاری بھرکم ٹیکسوں کے خلاف ملک گیر ، لاہور میں جزوی ہڑتال، تاجروں کا الٹی میٹم

بھاری بھرکم ٹیکسوں کے خلاف ملک گیر ، لاہور میں جزوی ہڑتال، تاجروں کا الٹی میٹم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42 : بجلی کے بھاری بھرکم بلوں اور ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف تاجر تنظیموں کی جانب سے آج ملک گیر ہڑتال کی گئی  ،جماعت اسلامی اور جے یو آئی سمیت ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا  تاہم  لاہور اور پنجاب کے متعدد شہروں میں ہرتال جزوی رہی۔ 

تاجروں کی جانب سے آج شام تک تاجر دوست سکیم ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے ۔ آج شام تک تاجر دوست سکیم کے خاتمے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ 

تاجروں کی جانب سے آج شام تک بجلی کے بلوں میں 13 قسم کے ٹیکسز ختم کرنے کا بھی الٹی میٹم دے دیا گیا ہے ، کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک کریں گے ۔ 

آج ملک گیر ہڑتال کے باعث کراچی سے خیبر تک کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ ہڑتال کے پیش نظر مختلف شہروں میں سکول بھی بند رکھے گئے ہیں۔

لاہور کی بڑی ہول سیل مارکیٹیں بند، باقی شہر کھلا رہا

 تاجروں کی جانب سے کی گئی ہڑتال کے بعد شہر کی بڑی ہول سیل مارکیٹیں بند کردی گئی ہیں، شاہ عالم ، اعظم کلاتھ مارکیٹ، بادامی باغ آٹو مارکیٹ، منٹگمری روڈ، سرکلر روڈ سمیت دیگر مارکیٹیں بند ہیں ۔ 
چیئرمین شاہ عالم مارکیٹ بورڈ عظمت علی شاہ کا کہنا ہے کہ شاہ عالم مارکیٹ بند رہے گی۔ جبکہ جنرل سیکرٹری اعظم کلاتھ مارکیٹ خواجہ اعجاز نے بھی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعظم کلاتھ مارکیٹ مکمل بند رہے گی۔ 
ہول سیل وملحقہ مارکیٹوں کے قائدین کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

وحدت روڈ کیمپ، احتجاجی ناشتہ

جماعت اسلامی کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر مہنگی بجلی،ٹیکسوں کیخلاف ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔ 

جماعت اسلامی کی جانب سے وحدت روڈ پر کیمپ لگا دیا گیا، جہاں نائب امیر جنوبی لاہور احمد سلمان بلوچ نے شٹربند کے سامنے احتجاجی ناشتہ کیا، احمد عمیر ، حافظ رضوان ، مفتی عمر سمیت دیگر بھی کیمپ میں موجود تھے ۔ 

احمد سلمان بلوچ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی کے کارکن ہر بڑی چھوٹی مارکیٹ کا راؤنڈ کریں گے، تاجروں کی ہڑتال اور احتجاج میں شریک ہوں گے۔ 

آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کا ہڑتال کی حمایت کا اعلان

آئل ٹینکر ایسوسی ایشن نے بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ 
 چیئرمین آئل ٹینکرزمیر شمس کا کہنا ہے کہ تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، ہڑتال بھاری بھرکم ٹیکسز اور بجلی کے ظالمانہ بلوں کے خلاف ہے، ٹرانسپورٹ بند کر کے ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کو کامیاب بنائیں،  کسی فرد واحد کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ اس سے ہر پاکستانی متاثر ہے ۔ہرفرد اپنی بساط کے مطابق اس ہڑتال کو کامیاب بنائے۔

شہر کی کونسی مارکٹیں بند رہیں؟

 شہر میں تاجربرادری کی جانب سے شڑ ڈاون ہڑتال کی گئی ہے، انجمن تاجران کے اشرف بھٹی گروپ نے آج ہڑتال کی، اس کے علاوہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ،خالد پرویز گروپ ہڑتال  نے بھی ہڑتال کی۔  صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ گروپ نے بھی دکانیں بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ شاہ عالم مارکیٹ،ہال روڈ ،اندرون میں مارکیٹیں بند رہیں۔ اُردو بازار ،سرکلر روڈ سمیت دیگر بھی مارکیٹیں بند رہیں۔ تاہم نئی انارکلی بازار بند اور پرانی انارکلی کھلی رہی، گلبرگ اقبال ٹاؤن ،کینٹ ،ڈیفنس میں کاروبار معمول کے مطابق ہوا۔ 

فیروز پور روڈ کی مارکیٹیں  اور ماربل کےکارخانےبندرہے  ۔ 

کراچی سے  پشاور تک تاجروں کی ہڑتال 

تاجر دوست اسکیم،مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے معاہدوں کیخلاف تاجر تنظیموں کی جانب سے آج بڑی ہڑتال کی گئی ہے۔ کراچی میں  لیاقت آباد مارکیٹ، جوڑیابازار، بوتل گلی سمیت دیگر چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند ہیں، اس کے علاوہ لائٹ ہاؤس،جامع کلاتھ مارکیٹ ،اللہ والامارکیٹ ، ٹمبرمارکیٹ،آئرن اسٹیل مارکیٹ،کورنگی مارکیٹ سمیت دیگرمارکیٹیں بھی بند ہیں ۔ 

ہڑتال کی وجہ سے کراچی میں مارکیٹیں،دکانیں بند،کاروباری سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں جبکہ مارکیٹوں میں ویرانیوں کے ڈیرے اور سناٹوں کاراج ہے ۔

کراچی کے علاقے حیدری،لیاقت آباد،منظورکالونی،کورنگی،صدر،اولڈ سٹی ایریا،گلشن اقبال ، پاک کالونی، جامع کلاتھ،بولٹن مارکیٹ، طارق روڈ سمیت دیگرعلاقوں میں ہڑتال کاسماں چھایا ہوا ہے، مارکیٹوں اور شاہراہوں پر تاجروں کے بینرز آویزاں ہیں، بینرز پامختلف نعرے درج کیے گئے ہیں۔ 

مختلف سیاسی جماعتوں اوردیگر سیکٹرزکی ایسوسی ایشنز نے بھی تاجروں کی حمایت کااعلان کررکھاہے، تاجروں کی ہڑتال کوکراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری اورفیڈریشن آف پاکستان چیمبرآف کامرس کی بھی حمایت حاصل ہے۔ یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ تاجروں کے مزاکرات بھی بے سود ثابت ہوئے تھے۔ 

امیر جاعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی گفتگو 

امیر جاعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ میں اس وقت پاکستان کےسب سےبڑے شہرکراچی میں تاجروں کےساتھ موجود ہوں، تاجروں نےکامیاب ہڑتال کرکےیہ بات ثابت کردی کہ معیشیت کوتباہ کرنےکی پالیسی کوناکام کردیا ۔ مارکیٹیں بند ہیں، تھوڑے فاصلےپرایم سےجناح روڈ موجود ہے، ملک کوریونیودینےوالا شہرآج بند ہے۔ طلبا، تاجروں وکلاء سبھی نےآج احتجاج میں شرکت کی، یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے۔ حکمرانوں نےتجارت معیشیت کا بیڑہ غرک کردیا ہے، تاجردشمن اسکیم مسلط کرکے انڈسٹری پرٹیکس لگایا گیا جو دشمنی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ان کی یہ پالیسی عوام اورتاجروں کوقبول نہیں ہے، ہماری تحریک آگے بڑھ رہی ہے۔ میں مبارکباد دیتا ہوں آج پوراپاکستان بند ہے۔

صوابی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال 

دوسرے شہروں کی طرح صوابی میں بھی تاجر تنظیموں کی جانب سے ٹیکس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔

ہڑتال کے باعث ضلع بھر میں تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند کردیے گئے ہیں، اس کے علاوہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی جانب سے بھی ہڑتال کا اعلان کردیا گیا ہے۔ 

راولپنڈی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال 

راولپنڈی میں بھی دوسرے تمام شہروں کی طرح تاجر دوست اسکیم اور دیگر ٹیکسز کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ مرکزی انجمن تاجران ، مرکزی تنظیم تاجران راولپنڈی کی جانب سے شٹر ڈائون ہڑتال جاری ہے ۔ 

ہڑتال کے باعث چھوٹی بڑی تمام مارکیٹیں، دکانیں بند کردی گئیں۔  تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز نے کاروبار مکمل تباہ کر دیا ۔

آل راولپنڈی ریسٹورنٹ کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن صرافہ یونین بھی ہڑتال میں شامل ہیں ۔ 

سندھ میں بھی تاجر سراپا احتجاج، مختلف اضلاح میں شٹر ڈاؤن ہڑتال 

سندھ میں بھی تاجر سراپا احتجاج نظر آرہے ہیں، ملک بھر کی طرح سندھ میں تاجروں کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔

سندھ کے اضلاح حیدر آباد، شکار پور، لاڑکانہ،سانگھڑ، ٹندو الہ یار،سکھر، مٹھی، جیکب آباد اور ٹھل سمیت سندھ میں تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند کردی گئیں ہیں۔حیدرآباد کی اناج منڈی، الیکٹرونکس مارکیٹ، کلاتھ مارکیٹ، ریشم بازار بھی مکمل بند ہے۔

جماعت اسلامی کا کہنا ہے بے جا ٹیکس اور بجلی کے بلوں سے عوام شدید پریشان ہے ۔

حیدرآباد میں ہڑتال

حیدرآباد میں بھی ٹیکسوں کے نفاذ اور بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے، ہڑتال کے سبب شہر کے چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند کردیے گئے ہیں، حیدرآباد کی اناج منڈی، الیکٹرونکس مارکیٹ، کلاتھ مارکیٹ، ریشم بازار بھی مکمل بند ہے۔ 

حیدرآباد چیمبر آف کامرس نے ملک گیر ہڑتال کی حمایت میں پورے شہر میں شٹر ڈاؤن کی کال دی تھی۔ 

لاڑکانہ میں ہڑتال

لاڑکانہ فیڈریشن آف ٹریڈ ایسوسیئیشن لاڑکانہ کی جانب سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ 

تاجر محمد اسلم شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت فوری طور پر تاجر دشمن فیصلے واپس لے ، لاڑکانہ کے تاجر پہلے ہی امن و امان کی ابتر صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں، ڈاکو راج نے کاروبار تباہ کر دیا ہے ۔ اس کے علاوہ تاجر  عاشق پٹھان کا کہنا ہے کہ ملک کا تاجر شدید پریشان ہے، مسائل زیادہ وسائل نہ ہونے کہ برابر ہیں۔ مہنگی بجلی اور گیس نے صنعتوں کا پیہ جام کر رکھا ہے.  ایسے میں اوپر سے تاجر دشمن اسکیموں کا اجراء افسوسناک ہے .  

ڈہرکی میں ہڑتال 

سندھ کے ضلح ڈہرکی میں جماعت اسلامی کی مہنگائی اور بڑھتے ٹیکسز کے خلاف ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال جاری ہے۔ ڈہرکی میں جزوی ہڑتال کی کال کے بعد کاروباری مراکز کو بند کردیا گیا ۔ 

امیر جماعت اسلامی ضلح گھوٹکی تشکیل صدیقی کا کہنا ہے کہ بے جا ٹیکسز اور بجلی کے بل کی وجہ سے عوام شدید پریشان ہے، مہنگائی ہے کہ دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔ جماعت اسلامی تاجران کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کا ساتھ دے گی ۔ 

تاجر برادری کی جانب سے کاروباری مراکز بند کردیے گئے ہیں، مصروف ترین بازار بھٹہ شاپنگ سینٹر،ڈہر پلازہ، مہران مارکیٹ،موبائل مارکیٹ اور دیگر مرکز بند ہیں۔ 

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ زبردستی دوکانیں بند نہیں ہونے دیں گے۔ پولیس کی جانب سے زبردستی دوکانیں بند کروانے والے کارکنوں کو ہدایت کردی گئی ہے۔ خلاف ورزی کرنے پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گا ۔

شہدادکوٹ میں ہڑتال

 جماعت اسلامی کی کال پر شہدادکوٹ میں جزوی شٹربند ہڑتال کی گئی ہے۔ شہداکوٹ میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے موٹر سائیکل ریلی نکال کر گشت کیا، جماعت اسلامی کارکنوں نے کوٹو موٹو چوک اسٹیشن روڈ پر ٹائر جلاکر مہنگائی اور حکومت خلاف نعرے بازی کی ۔ 

 رہنما ڈاکٹر امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے خودساختہ مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو ملک اور عوام کو مشکلات سے نکال سکتی ہے ۔

شکارپور میں ہڑتال 

 امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک گیر ہڑتال جاری ہے۔ مہنگی بجلی اور ناروا ٹیکسز کے خلاف ملک بھر کی طرح شکارپور میں بھی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ شکارپور کے تاجر، صنعت کار اور عوام نے ہڑتال میں بھرپور شرکت کرکے حکومت کو مؤثر پیغام پہنچایا ہے۔

شکارپور کی سبزی منڈی، صرافہ بازار ، کپڑا مارکیٹ ، بھٹائی بازار ، درزی بازار مکمل بند کردیے گئے ہیں۔  جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ہاتھوں میں پینا فلیکس اور پارٹی پرچم اٹھائے شہر کا گشت کیا ۔ 

 امیر جماعت اسلامی ضلع شکارپور عبدالسمیع بھٹی کا کہنا ہے کہ عوام آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدوں کا مزید بوجھ اٹھانے کے لیے تیار نہیں۔ 

سانگھڑ میں ہڑتال 

ملک بھر کی طرح سانگھڑ میں حالیہ مہنگائی ٹیکسوں کی بھر مار، اور  بجلی گیس کے بلوں میں اضافے پر فیڈریشن آف کامرس نے آل پاکستان تاجر اتحاد کی کال پر مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی ۔ 

سانگھڑ میں تاجر برادری کی جانب سے مکمل کاروبار بند کرکے احتجاج کیا جا رہا ہے۔ 

ٹنڈوالہ یار شٹر ڈاؤن 

انجمن تاجران ٹنڈوالہ یار کی کال پر اللصبح کھلنے والے کاروباری مراکز بند ہیں ۔ 

صدر انجمن تاجران ٹنڈوالہ یار و صوبہ سندھ وقار حمید میمن کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے کے بعد ملک بھر ھڑتال کی دی گئی کال پر کاروبار بند رہے گا۔ موجودہ حکومت کی تجارت دشمن پالیسیوں کے خلاف شٹر ڈاؤن کیا ہے ۔ حالیہ بترین مہنگائی آٹے چینی ڈال ادویات دودھ و دیگر اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ مہانہ ٹیکس ودہولڈنگ ٹیکس پروفیشنل ٹیکس کاروباری دشمن پالیسیاں ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ سبزی منڈیوں کے تاجروں کے ساتھ ناروا سلوک عالمی مالیاتی اداروں کے کھربوں کے قرضے لیکر عیاشیاں کرنے والوں نے کوئی تاجروں کے لیئے پالیسیاں نہیں بنائیں ۔ 

ہڑتال کی کال کے بعد ملک بھر کی طرح ٹنڈوالہ یار میں بھی تاحال کاروباری مراکز بند رہے ۔ 

جیکب آباد میں ہڑتال 

جیکب آباد میں بھی انجمن تاجران کی مرکزی کال پر شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے۔ شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل بند ہیں۔ شاہی بازار,شاہ بھٹائی بازار, بانو بازار,کپڑا مارکیٹ, الیکٹرونکس بازار سمیت تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔

جماعت اسلامی,جمعیت علماء اسلامی کی جانب سے الگ الگ احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔  

انجمن تاجران کا کہنا ہے کہ آئی پی پیپیز کا بوج عوام سے ختم کیا جائے جس سے عوام کو لوٹا جا رہا ہے, ملک میں مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسزز نے عوام کی کمر توڑ دی ہے ، حکمران اپنی ذاتی خواہشات کی خاطر آئی پیپیز کو پال رہے ہیں ,  مہنگے رینٹل پاور مکمل ختم کر کےعوام کو رلیف دیا جائے ۔

کندھ کوٹ میں ہڑتال

ملک بھر کی طرح جماعت اسلامی کی ملک گیر ہڑتال کی کال پر کندھ کوٹ میں بھی شٹر بند ہڑتال کی جارہی ہے ۔ بجلی، گئس کے بلوں میں اوور ٹئکس، پیٹرول، ڈیزل اور کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہوئے کے خلاف شٹر بند ہڑتال جاری ہے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں،  حکومت خود مراعات لے رہی ہے جبکہ عوام پر اوور ٹیکس لگا رہی ہے، آئی ایم ایف کو راضی کرنے کے لیے مہنگائی میں اضافہ کیا جا رہا ہے ۔ غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہیں ۔ جب تک حکومت مہنگائی پر قابو نہیں پاتی جماعت اسلامی روڈوں پر رہے گی ۔ 

ٹھل میں شٹربند ہڑتال 

ملک بھر کی طرح ٹھل میں بھی جماعت اسلامی کی کی جانب سے شٹرڈاؤن ہڑتال جاری ہے ۔  شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل بند ہیں۔ 

ٹھل کے شاہی بازار، رہبر چوک، امروٹی چوک، سمیت تمام کاروباری مراکز بند ہیں ۔ 

جماعت اسلامی کے مطابق آئی ایم ایف کو خوش رکھنے کیلئے مہنگائی میں اضافہ کر کے عوام کو لوٹا جا رہا ہے, ملک میں مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسزز نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ 

مانسہرہ میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ،  تمام کاروباری مراکز مکمل بند

جماعت اسلامی کی کال پر ملک بھر کی طرح مانسہرہ میں بھی آج مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

 مانسہرہ شہر سمیت بالاکوٹ، اوگی، شنکیاری اور گردونواح میں مکمل ہڑتال کے باعث تمام کاروباری مراکز مکمل بند ہیں ۔مانسہرہ کے مرکزی چوک تاجدار ختم نبوت میں جماعت اسلامی اور تاجران کے نمائندہ جمع ہوگئے ہیں ۔ 

دوسری جانب کاروباری مراکز بند ہونےاور ہڑتال کے باعث بازار ٹرانسپورٹ بھی سنسان ہیں ۔ انجمن تاجران کی جانب سے مرکزی انجمن تاجران کے فیصلے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 

ملتان کے تاجروں کی شٹر ڈاؤن

ملتان: ملک بھر طرح ملتان میں بھی تاجروں کی جانب سے  شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے ۔ ہڑتال کے باعث تمام اہم مارکیٹس کو احتجاجی طور پر آج بند رکھا گیا ہے۔ 

ملتان کی کینٹ مارکیٹ، حسین آگاہی، گلگشت، ممتاز آباد، غلہ منڈی اور دیگر کاروباری مراکز بند ہیں ۔ 

تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت کے مہنگائی کے فیصلوں کے خلاف تاجر آج احتجاجی مظاہرے کریں گے، حکومت کو ٹیکسز کم کرنے بارے فیصلہ لینا ہوں گے ۔ 

بنوں میں جذوی ہڑتال

ملک بھر کی طرح بنوں میں بھی جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی کال پر جذوی ہڑتال کی جارہی ہے ۔ ٹیکسز اور خود ساختہ مہنگائی کے خلاف ہڑتال پر بنوں میں تاجر دو حصوں میں تقسیم ہیں، ایک نے ہڑتال کی حمایت جبکہ دوسری تنظیم ہڑتال کی مخالفت کردی ، جس کی وجہ سے کہیں ہڑتال تو کہیں پر مارکیٹیں اور دکانیں کھل گئی ہیں ۔ 

فیصل آباد میں تاجروں کی ہڑتال 

مہنگی بجلی، ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی تاجروں کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے ۔ جماعت اسلامی کی کال پر پاکستان کی مرکزی تنظیموں کی جانب سے ہڑتال کی گئی۔

مہنگی بجلی، وڈ ہولڈنگ ٹیکس، تاجر دوست سکیم کے خلاف تاجر سراپا احتجاج ہیں، کہنا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد کی بڑی مارکیٹس بند رہیں گی۔ 

گھنٹہ گھر کے اطراف سپریم انجمن تاجران، سٹی انجمن تاجران سکا گروپ، انجمن تاجران الائیڈ گروپ نے ہڑتال کی حمایت کی ہے، اسکے علاوہ غلہ منڈی فیصل آباد، کلاتھ مارکیٹس، کریانہ رٹیلر ایسوسی ایشن، یارن مارکیٹ فیصل آباد کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کی گئی ہے ۔ 

فیصل آباد ایوان صنعت و تجارت اور چیمبر فار سمال ٹریڈز کی جانب سے بھی ہڑتال کی حمایت کی گئی۔  تاجروں کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام بڑے اور چھوٹے بازاروں کے تاجر آج دکانیں بند رکھیں گے۔

 اسلام آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ( تاجر دوست سکیم ختم کرنے کا الٹی میٹم) 

تاجر دوست سکیم کیخلاف اسلام آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ہے ۔ ملک بھر کی طرح اسلام آباد میں بھی تاجر تنظیموں کی کال پر ہڑتال جاری ہے ۔ ہڑتال کے باعث چھوٹی بڑی تمام مارکیٹیں، کاروباری مراکز، دکانیں بند ہیں۔ بعض مقامات پر شام 5 بجے کے بعد میڈیکل سٹورز کھول دیئے گئے ۔ 

تاجروں کی جانب سے آج شام تک تاجر دوست سکیم ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا گیا ہے ۔ آج شام تک تاجر دوست سکیم کے خاتمے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ 

تاجروں کی جانب سے آج شام تک بجلی کے بلوں میں 13 قسم کے ٹیکسز ختم کرنے کا بھی الٹی میٹم دے دیا گیا ہے ، کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک کریں گے ۔ 

 صدر مرکزی تنظیم تاجران  کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ خیبر سے کراچی تک شہر شہر ، گاوں گائوں شٹر ڈاون ہوگا، ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگی۔ مطالبات کی منظوری تک کوئی مذاکرات نہیں ہونگے، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی نہ ہوئی تو ہڑتال جاری رہے گی،  شٹر ڈاون ہڑتال عوام کے غیض و غضب کا اظہار ہے ۔  مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز نے کاروبار مکمل تباہ کر دیا ۔