ویب ڈیسک :بھارت کی معروف اداکارہ مینو منیر نے ساتھی اداکاروں جیا سوریا، ایڈاویلا بابو، مانین پلا راجو اور اداکار و ریاستی اسمبلی کے رکن ایم مکیش پر جنسی طور پر ہراساں اور کیرئیر تباہ کرنے کا الزام لگادیا۔
بھارت میں ہیما کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ایک بار پھرشوبز انڈسٹری میں می ٹو مہم جاری ہے۔ اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد اداکارہ صنم شیٹی اور اب اداکارہ مینو منیر نے ساتھی اداکاروں پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا ہے۔
مینو منیر کا کہنا تھاکہ 2013 میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران واش روم سے نکلی تو ساتھی اداکار جیا سوریا نے انہیں اچانک گلے سے لگایا اور زبردستی بوسہ دیا ۔ انہوں نے جیا سوریا پر الزام عائد کیا کہ اسی دوران اداکار نے کہا وہ مجھ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور وہ ان کے ساتھ ان کے فلیٹ پر چلیں۔
مینو منیر نے ایک اور اداکار ایڈاویلا بابو اور مانین پلا راجو پر بھی جنسی ہراسگی کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ساتھی اداکاروں نے مجھے جنسی تعلق بنانے کی پیشکش کی مگر میں نے سختی سے منع کیا۔ ساتھی اداکار پیشکش قبول کرنے کے بدلے فلموں میں کام ملتے رہنے کا بھی یقین دلاتے رہے۔
اداکارہ نے جیا سوریا سمیت 7 افراد کے خلاف باقاعدہ آن لائن درخواست بھی جمع کرادی ہے۔ تاہم اداکار و رکن اسمبلی مکیش اور دیگر نے اداکارہ کے الزامات کی تردید کی ہے۔
اداکار جیا سوریا ، وہ نیشنل فلم ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈز جیت چکے ہیں اور کئی سپر ہٹ فلمیں انڈسٹری کودی ہیں ، جیا سوریا اور اداکارہ مینو منیر نے کئی فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کیا ہے۔