سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے: آئی جی پنجاب کا دعویٰ

28 Aug, 2023 | 06:01 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے دعویٰ کیا ہےکہ سانحہ جڑانوالہ کے تانے بانے دشمن انٹیلی جنس ایجنسی سے ملتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ کے خلاف قانون حرکت میں آگیا ہے،  متاثرہ مسیحی خاندانوں کی مدد کی جا رہی ہے، متاثرہ گرجا گھروں کی از سرنو تعمیر بھی جاری ہے، مسلمانوں نے مسجد مسیحی برادری کو عبادت کے لیے پیش کی، ہم کہہ چکے ہیں کہ مسلمانوں اور مسیحیوں کو لڑانے کی کوشش کی جائےگی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ  دو مسیحی افراد کے علاوہ تین دیگر ملزمان کو گرفتار کیا ہے، اب ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے، مسلمانوں کو مسیحی بھائیوں سے لڑانےکی کوشش کی گئی،سازش کا آغاز سرگودھا واقعے سے ہوا، ان واقعات کے ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا ہے، توہین قرآن کرنے والوں کا نیٹ ورک ختم کردیا ہے ۔

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ  جو لوگ دشمن کا آلہ کار  بنے ہیں انہیں کیفر کردار  تک پہنچائیں گے، شہری  مدعی بنیں ملزم نہ بنیں، قانون ہاتھ میں نہ لیں، علما، امن کمیٹیاں اور  انسانی حقوق کی تنظیمیں ایک پلیٹ فارم  پر اکٹھی ہوجائیں، ایسے واقعات میں ملوث کسی کے ساتھ رعایت نہیں کریں گے، مسجدکے امام اور موذن کا فرض ہےکہ لاؤڈ اسپیکر کا غلط استعمال نہ ہونے دیں۔

مزیدخبریں