(اسرار خان) رائیونڈ سٹی کے علاقے میں دیرینہ دشمنی پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق 2 زخمی ہو گئے ۔ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ۔
فائرنگ کا واقعہ جیا بگا گاؤں میں پیش آیا، جہاں ملزم شفیق فوجی نے دیگر مسلح ساتھیوں کے ہمراہ مخالفین پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر 32 سالہ وسیم شوکت جاں بحق جبکہ محمد عثمان اور عدنان زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے، مقتول وسیم کا بھائی ندیم شوکت 31 مئی کو زمین کے تنازع پر وکیل احسن بھٹی کے ہمراہ قتل ہوا تھا۔
مقتول وسیم دوہرے قتل کی واردات کا مدعی مقدمہ بھی تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی۔ دوسری جانب سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دے دیا ہے ۔