(ویب ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بارش اور سیلاب کی وجہ سے تکلیف دہ صورتحال ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ صحت اجازت دیتی تو ایسی صورت حال میں میں سیلاب متاثرین کے پاس موجود ہوتا ،اس حالت میں بلاول بھٹو زرداری عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔آصف زرداری کا مزید کہنا تھا کہ اللہ کی ذات پر ایمان ہے ،قوم اس مشکل صورتحال سے نکال کر سرخرو ہوگی ، ان کا کہناتھا کہ حکومت بارش اور سیلاب کے متاثرین کی دوبارہ بحالی کی ذمہ داری ضرور پوری کرے گی ۔
سابق صدر نے ہدایت کی کہ پیپلزپارٹی کے وزرا، ممبران اسمبلی اپنے حلقوں کے عوام کے درمیان رہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید وسیع کرکے غریبوں کی ہر ممکن امداد کی جائے،حکومت پاکستان بیت المال کو متحرک کرکے غریبوں کی مدد کرے۔عوام کے قدموں میں ہی سیاسی جنت ہے کے اصول کو مشعل راہ بنایا جائے،آصف زرداری نے کہا کہ متاثرین سے وعدہ ہے کہ ان کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،سیاست بعد میں ہوتی رہے گی یہ وقت عوام کی بھرپور خدمت کا ہے۔