سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، تعداد 1033 ہو گئی

28 Aug, 2022 | 08:49 AM

ویب ڈیسک: سیلاب ملک بھر میں مزید 119 زندگیاں نگل گیا، جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 1033 ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سیلاب اور بارشوں سے نقصانات کی تازہ ترین اعداد و شمار جاری کر دیے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران مزيد 119 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، سندھ میں 76، خیبرپختون خوا میں 31 افراد لقمہ اجل بن گئے، بلوچستان میں 4، گلگت بلتستان میں 6، اور آزاد کشمیر میں ایک ہلاکت ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹے میں 71 افراد زخمی ہوئے، 14 جون سے اب تک ملک بھر میں 1033 افراد زندگی کی بازى ہار چکے، بلوچستان میں 238، کےپی 226، آزاد کشمیرمیں 38 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں 456 مرد، 207 خواتین اور 348 بچے جاں بحق ہوئے، ملک بھر میں اب تک زخمیوں کی مجموعی تعداد بھی 1527 ہو گئى ہے، صوبہ سندھ زخمی افراد میں سرفہرست ہے ، تعداد 1009 تک پہنچ گئی، کے پی میں 282، پنجاب میں 105، بلوچستان میں 106 افراد زخمی ہوئے۔ سیلاب سے 6 لاکھ 62 ہزار 446 مکانات جزوی، اور 2 لاکھ 87 ہزار 412 گھر مکمل تباہ ہوئے، ملک بھر میں 7 لاکھ 19 ہزار 558 مویشی سیلاب میں بہہ گئے۔

بلوچستان میں این 25 شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کوئٹہ سے کراچی کے لیے بند ہے، این 70 شاہراہ لورالائی سے ڈیرہ غازی خان کے لیے بند ہے، گلگت بلتستان میں نلتر، غذر، شندور اور ششپرویلی روڈ سیلاب کی وجہ سے بند ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شاہرہ این 90 خوازہ خیلہ سے بشام تک اور شاہراہ این 15 جھل کٹ تک بند ہے، سیلاب سے پنجاب میں شاہراہ این 55 فاضل پور سے راجن پور تک بند ہے۔

سندھ میں بارشوں اور سيلاب کے باعث 2328 کلومیٹرسڑک کو نقصان پہنچا، بلوچستان میں اب تک 1000 کلومیٹر سڑک حالیہ بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہوئی، جب کہ ملک بھر کے 149 پلوں کو سیلاب سے نقصان پہنچا ہے۔

مزیدخبریں