نویں جماعت کے طلبا کیلئے اچھی خبر

28 Aug, 2020 | 03:55 PM

Sughra Afzal

مزنگ روڈ (جنید ریاض)لاہور بورڈ نے نہم جماعت کی رجسٹریشن کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع دے دی، امیدوار اب 30ستمبر تک رجسٹریشن کراسکیں گے۔

 لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن نے نہم جماعت کی رجسٹریشن کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع دے دی،اس سے قبل تاریخ 31اگست تک مقرر کی گئی تھی، ذرائع کے مطابق تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کورونا وائرس کے باعث سکول بند ہونے کی وجہ سے کیا گیا، صرف رجسٹریشن والے طلبا ہی آئند ہ سال میں نہم کا امتحان دیں گے۔

علاوہ ازیں حکومت پنجاب نےاس وباء سےنمٹنے کیلئےسکولوں میں بچوں کو موجودہ تعلیمی سال میں 60 فیصد سلیبس پڑھانےکا فیصلہ کیا ہے، جبکہ 40 فیصد سلیبس کو غیرضراری قرار دے کر نکال دیا جائےگا، نرسری سے دہم جماعت کےسمارٹ سلیبس کی تیاری کیلئے مختلف سکولوں کے اساتذہ کی رائےکوبھی شامل کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کی زیر صدارت آج بورڈنگ سکولز میں احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد کےحوالے سےآن لائن اجلاس ہوا،اجلاس میں 16 دانش سکولز،7 کیڈٹ سکولز اورایچیسن سکول و کالج کے پرنسپلز شریک ہوئے۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ سکول کھلنے کی حتمی تاریخ کا فیصلہ ہونے کے بعد تمام بورڈنگ سکول کے اساتذہ کو ٹریننگ کے لیے سکول کھلنے سے ایک ہفتہ پہلے بلا لیا جائےگا، تمام شرکاء نے ایس او پیز پر بھرپورعملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر تعلیم نےکہا کہ سکول کھلنے کے بعد پہلے چند ہفتے بہت اہم ہوں گے۔

واضح رہےکہ 30 جون کو لاہور بورڈ نے نہم جماعت کی رجسٹریشن کیلئے شیڈول جاری کیا تھا، شیڈول کے  مطابق رجسٹریشن فیس 800 روپے اور پروسیسنگ فیس 395 روپے رکھی گئی تھی،  رجسٹریشن کرانے والے طلباء سال 2021 میں نہم کا امتحان دے سکیں گے۔

مزیدخبریں