لاہور میں ڈینگی کا خطرہ برقرار، 5 مقامات سے لاروا برآمد

28 Aug, 2020 | 12:18 PM

Sughra Afzal

لوئر مال (عثمان علیم، زاہدچودھری)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ڈینگی کا خطرہ برقرار، 5 مقامات سے ڈینگی لاروا ملنے کی تصدیق، سرویلنس کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی زیر صدارت اجلاس، اسسٹنٹ کمشنرز کو سخت مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

ذرائع کے مطابق دوران سرویلنس شہر کے 5 مقامات سے ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی ہےجس کو موقع پر تلف کر دیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس طلب کیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز شریک ہوئے اور ڈینگی سرویلنس پر تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ہاٹ سپاٹس پر کی جانیوالی کارروائیوں بارے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنرز نے مختلف علاقوں کے دورے کیے ، اے سی ماڈل ٹائون نے یو سی 54 کا دورہ کیا جہاں دو گھروں سے لاروا برآمد ہوا، جبکہ یو سی 99 میں تین گھروں میں ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی، ڈینگی لاروا کی تصدیق پر ڈینگی ٹیموں نے تلفی یقینی بنائی، قریبی گھروں میں سرویلنس تیز کرتے ہوئے ڈینگی سپرے کو بھی یقینی بنایا۔

 علاوہ ازیں پنجاب میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔محکمہ پرائمری ہیلتھ کے مطابق صوبہ بھرمیں ڈینگی کے 620 مشتبہ کیسز سامنے آئے،  رپورٹ ہونے والے 620 مشتبہ مریضوں کو سرویلنس میں رکھ کر ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔مشتبہ مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے، پنجاب میں یکم جنوری سے اب تک ڈینگی کے کنفرم مریضوں کی مجموعی تعداد 45 ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ صوبہ بھر میں 4 مریض زیرعلاج، باقی سب صحت یاب ہوکر گھروں کو جا چکے ہیں،صوبہ بھر میں رواں سال ڈینگی سے کوئی قیمتی جان ضائع نہیں ہوئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ اردگرد کے ماحول کو خشک اور صاف رکھ کر ڈینگی وائرس سے محفوظ رہیں، ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر طبی رہنمائی کے لئے  1033پر رابطہ کریں، اگر ڈینگی ٹیمیں آپ کے علاقے میں نہ پہنچیں تو 1033 پر شکایت درج کروائیں۔

مزیدخبریں