(شاہد ندیم سپرا) شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لائنز کو زیر زمین کرنے کا منصوبہ چھ ماہ گزرنے کے باوجود بھی شروع نہ ہو سکا، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کمشنر لاہور نے لیسکو کو تخمینہ لگانے کے لئے مراسلہ بھجوایا تاہم معاملہ صرف فائلوں تک ہی محدود رہا۔
کمشنر لاہور نے ماہ اپریل میں لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کو تاریں زیر زمین کرنے کے لئے مراسلہ بھجوایا تھا جس پر چیف انجینئر پلاننگ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن کو منصوبے کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی اور اس کیساتھ ساتھ منصوبے کی لاگت اور انتظامی طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر تجاویز طلب کی گئیں تاہم چھ ماہ گزرنے کے باوجود کوئی پیش رفت سامنے نہ آئی اور منصوبہ صرف فائلوں تک ہی محدود رہا۔
منصوبے کے تحت مال روڈ، جیل روڈ ، کینال روڈ، فیروز پور روڈ، ایم ایم عالم روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ پر تاروں کو زیر زمین کیا جانا تھا، منصوبہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔