حسن خالد: قومی ائیر لائن کی لاہور آنے والی پہلی حج پرواز 329 حجاج کرام کو لے کر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچی، پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینجر عمر نواز گورائیہ اور اسٹیشن مینجر عامر ملک نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔
قومی ائیرلائن پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن جاری ہے، لاہور کی پہلی پرواز نمبر 3004 چھ بج کر ستاون منٹ پر تین سو انتیس حجاج کرام کو لے کر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچی۔ ائیر پورٹ پر پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر عمر نواز گورایہ اور سٹیشن مینیجر عامر ملک نے حاجیوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر حجاج کا استقبال کرنے کیلئے عزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی جنھوں نے حاجیوں کو ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس دوران رقت آمیر مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ حاجیوں کا کہنا تھا کہ بلاشبہ حج کی ادائیگی بہت بڑی سعادت ہے،اس دوران انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ائیرلائن جدہ اور مدینہ منورہ سے 225 خصوصی اور شیڈول پروازیں چلائی جارہی ہیں جو 68 ہزار سے زائد حجا ج کرام کو لاہور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں پہنچائے گی۔بعد از حج آپریشن کا اختتام25 ستمبر کو ہوگا۔
پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 329 حجاج کولے کر لاہور پہنچ گئی
28 Aug, 2018 | 10:25 AM