(ویب ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔
عالمی اقتصادی فورم میں صحت کے شعبے میں تفریق کے کے خاتمے کے موضوع پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 2003 میں سعودی عرب میں جب میں تھا تب مجھے کینسر ہوگیا تھا، مجھے نیو یارک لے جایا گیا اور میرا آپریشن کیا گیا، تب مجھے ہزاروں ڈالر دے کر علاج کروانا پڑا تھا، اس وقت میں نے سوچا کہ میرے ملک کے کتنے لوگ اس طرح کا علاج کروانے کے قابل ہیں؟ ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پھر میں پاکستان آیا اور وزیر اعلٰی پنجاب منتخب ہوا، تب ہم نے پنجاب میں گردے، جگر اور کینسر کے لیے ہسپتال بنائے، ہمارے ملک کے بہت سارے افراد مہنگا علاج معالجہ برداشت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا سب سے بڑا مسئلہ عالمی عدم مساوات ہے، کوویڈ نے اس کو مزید اجاگر کردیا، اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی نے کرہ ارض کے نقشے کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونیوالے ملکوں میں سرفہرست ہے ، 2022 کے سیلاب نے پاکستان کو تباہ کردیا اور ہمیں لوگوں کی بحالی کے لیے اربوں روپے خرچ کرنے پڑے ، میں نے اپنے صوبے میں وزیر اعلی پنجاب کے طور پر ہیپاٹائٹس کے علاج کیلئے سہولیات فراہم کیں،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پولیوکے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔