(علی رامے)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا نادرا سنٹر دورہ،شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لاہور میں 24 گھنٹے کام کرنے والے نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا دورہ کیا،اس دوران نادرا سنٹر میں بہت زیادہ رش تھا،شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی شکایات اور سٹاف کی کمی کا نوٹس لے لیا۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سنٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل دریافت کئے۔
محسن نقوی نے کہا کہ نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کو بہت جلد مثالی سنٹر بنائیں گے جبکہ شہریوں کی شکایات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں نے سنٹر کا وزٹ کرکے تمام حالات کار کا خود جائزہ لیا ہے،شہریوں کی شکایات، تاخیر اور انتظار کی زحمت کو جلد ختم کر دیں گے۔
محسن نقوی نے نادرا سنٹر میں موجود شہریوں سے گفتگو میں کہا کہ آپ کے مسائل حل کرنا کوئی احسان نہیں،یہ آپ کا حق اور ہماری ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر شہری وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو اپنے درمیان پا کر بے حد خوش ہوئے، ایک بزرگ شہری نے محسن نقوی سے گفتگو میں کہا کہ آپ آگئے ہیں، اب ہمارے مسئلے حل ہو جائیں گے، شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ سے گفتگو میں کہا کہ آپ کا بہت نام ہے، یقین ہے کہ نادرا سنٹر کو بھی آپ ہی بہتر بنائیں گے۔