بارشوں  کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق  

28 Apr, 2023 | 05:02 PM

Imran Fayyaz

(ویب ڈیسک) بلوچستان میں حالیہ بارش کے نئے سپیل نے تباہی مچادی، بجلی کے کھمبے اُکھڑ گئے، آسمانی بجلی گرنے سے دوبچے جاں بحق اور  تین شہری زخمی ہو گئے، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث ایک گاڑی بہہ گئی۔

 بلوچستان میں بارشوں کانیا اسپیل خطرناک صورتحال اختیار کرچکاہے،  جمعرات اور جمعہ کی شب بلوچستان کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کاسلسلہ جاری رہا۔  خضدار کے نواحی علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے دوبچے جانبحق جبکہ تین شہری زخمی ہو گئے۔  تربت اور اس کے نواحی علاقوں میں تیز آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش کی وجہ سے کئی کچے مکانات گرگئے،  دیواریں منہدم ہو گئی اور بجلی کے متعدد پول زمین بوس ہوگئے۔کیچ میں ندی نالوں میں طغیانی آنے سے ایک گاڑی بھی بہہ گئی۔ کسانوں  کی کھڑی تیار فصلو ں کو شدید نقصان پہنچا۔ 

 محکمہ موسمیات نے ماہیگیروں کو کھلے سمندر میں جانے سے روک دیا ہے۔ بارشوں کایہ اسپیل ایک ہفتے تک جاری رہنے کاامکان ہے اور آج بھی بلوچستان کے بعض علاقوں جن میں کوئٹہ، چمن، ژوب نصیرآباد، جعفرآباد، سبی، خضدار سمیت دیگرعلاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کردی گئی ہے جبکہ شہریوں کو بلاضرورت سفر کرنے اور پکنک پوائنٹ میں جانے سے منع کیا گیاہے۔

مزیدخبریں