سندھ ہاؤس حملہ، عدالت نے تحریک انصاف کے حق میں فیصلہ سنادیا

28 Apr, 2022 | 03:07 PM

Muhammad Zeeshan

ویب ڈیسک: عدالت نے سندھ ہاؤس حملہ کیس  میں گرفتار پی ٹی آئی کے دو ارکان قومی اسمبلی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا  گیا۔

اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ انعام اللہ نےمحفوظ فیصلہ سناتے ہوئے  پی ٹی آئی کے رکن قومی  اسمبلی فہیم خان اور عطا اللہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

قبل ازیں  جوڈیشل مجسٹریٹ انعام اللہ نے ملزمان کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل صفائی  نے موقف اپنایا کہ ایف آئی آر میں شامل دفعات مکمل طور پر کیس پر لاگو نہیں ہیں ۔ کوئی شخص دروازے کے اندر نہیں گیا، چاردیواری کی غیر قانونی مداخلت نہیں ہوئی۔ عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے اور دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا ۔

بعدازں دونوں ارکان اسمبلی فہیم خان اور عطاء اللہ کی ضمانتیں پچاس پچاس ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کرلیں۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی کارکن تنویر خان کی بھی ضمانت منظور کرلی گئی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت خارج ہونے پر تینوں ملزمان کو احاطہ عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا اور مقامی عدالت نے تینوں ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فہیم خان عام انتخابات 2018 میں این اے 241 کراچی کورنگی سے منتخب ہوئے تھے جب کہ عطا اللہ بھی عام انتخابات 2018 میں این اے 250 کورنگی ویسٹ تھری سے رکن منتخب ہوئے تھے۔


 

مزیدخبریں