لوئر مال (علی رامے) پنجاب ایپکس کمیٹی نے عید الفطر کی شاپنگ کے لیے مارکیٹوں کے اوقات کار ڈیڑھ گھنٹہ بڑھانے کی تجویز مسترد کردی، اب شٹر اٹھا کر شاپنگ کرنے اور کروانے والے جیل جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا کے مثبت کیسز کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لیے سب سختیاں ہوں گی، اجلاس میں این سی او سی کی طرز پر ایک کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے جس میں عسکری اور سویلین قیادت شامل ہو گی۔
مذکورہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر کورونا ایس او پیز اور صورتحال پر جائزہ اجلاس کرے گی، کمیٹی کو ایس او پیز پر عملدرآمد کے لیے مکمل اختیارات ہوں گے، کمیٹی میں پاک فوج، رینجرز کو بھی شامل کیا گیا ہے، بشارت راجہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد بھی اس کمیٹی کا حصہ ہونگے۔
ایپکس کمیٹی اجلاس میں ایس و پیز پر عملدرآمد کرانے کے لیے سخت فیصلے بھی کیے گئے، دوکان کا شٹر اٹھا کر شاپنگ کرنے اور کرانے والے دونوں جیل جائیں گے، چھ بجے کے بعد کسی کو بھی تجارتی مراکز کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا تھا، جس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پنجاب حکومت کورونا ویکسین خود بھی خریدے گی، اجلاس میں کورونا ویکسین خریدنے کیلئے ایک ارب 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔
واضح رہےکہ لاہور میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 24 فیصد ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران شہر میں ریکارڈ 54 اموات اور 1306 نئے مریض رپورٹ ہوئے،سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1278 مریض داخل ہیں جن میں سے 826 کنفرم اور 456 مشتبہ مریض شامل ہیں۔