( حسن خالد ) زندگی ہے تو سب کچھ ہے لیکن تیز رفتاری اور آئے روز ٹریفک حادثات میں اضافے سے ایسے معلوم ہوتا ہے کے شہریوں کو ان تیز رفتار قاتلوں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
بدلتے دور نے جہاں ہمیں بے شمار ایجادات کے حیرت انگیز نظارے دکھائے وہیں ہمیں سفر طے کرنے کے لئے جدید سواریوں جہاز، ٹرین، بس، کار اور موٹر سائیکل وغیرہ کا بھی تحفہ دیا جو کہ یقیناً ہمارے لیے بہت مُفید ہے کہ ان جدید سواریوں کے ذریعے سے ہم دِنوں کے سفر گھنٹوں اور گھنٹوں کے سفر منٹوں میں طے کرلیتے ہیں۔
مگر افسوس تیز رفتار ڈرائیونگ کرنے والوں کے سبب آئے دن شہری مختلف حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں، چند خوش قسمت لوگ ہی معجزاتی طور پر جان لیوا حادثات سے محفوظ رہتے ہیں جبکہ چند افراد زخمی ہوکر عمر بھر کی معذوری اور کچھ زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔
آج ملتان روڈ سندر کے علاقے میں افسوس ناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار مزدہ ٹرک کی چنگ چی رکشہ کو ٹکر سے رکشہ میں سوار خاتون اور بچی سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
ٹرک ڈرائیور حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کردیا ہے۔
یاد رہے کچھ عرصہ قبل سندر کے علاقے مراکہ کے قریب تیز رفتار کار الٹ گئی تھی، حادثے کے باعث کار سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا تھا۔
حادثے کا شکار ہونیوالے دونوں کار سوار دوست تھے، جن کی شناخت وقاص اور فیصل کے نام سے ہوئی۔ حادثے کے نتیجے میں 28 سالہ وقاص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 24 سالہ فیصل کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔