گندم کی قیمت میں اضافہ

28 Apr, 2020 | 03:41 PM

Azhar Thiraj

حسن علی :پنجاب حکومت نے فلور ملوں کیلئےگندم کی قیمت 1375 روپے سے بڑھا کر 1400 روپے فی من کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ حکومت کے فیصلے کے بعد آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 13 روپے مہنگا ہو گیا۔


حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی قیمت 1400 روپے من کرنے کے بعد فلور ملز کو سرکاری گندم کے اجرا کی نئی قیمت 25 روپے فی من اضافے کے بعد 1400 روپے فی من ہو گی۔ گندم کی قیمت بڑھنے سے آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 13 روپے کا اضافہ ہو گیا اور 20 کلو آٹے کا تھیلا805 روپے کی بجائے 818 روپے میں دستیاب ہوگا۔


پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کے چئیرمین عبدالرئوف مختار کا کہنا ہے کہ اس وقت فلور ملز کو پرائیویٹ گندم کی خریداری نہیں کرنے دی جا رہی جسکے باعث فلور ملز سرکاری گندم خریدنے پر مجبور ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اجرائی قیمت میں اضافے کے بعد آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوگا۔شہریوں کا کہنا ہےکہ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اور ایسے میں آٹے کی قیمت میں اضافہ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے۔

 یاد رہے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم کی امدادی قیمت 1350روپے فی 40کلو گرام مقرر  کی تھی، اس طرح گندم کی امدای قیمت میںفی 40کلو گرام 50روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس اقدام کا مقصد کاشتکاروں کے مفاد اور ملک میں فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے، کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک میں گندم کی امدای قیمت میں گذشتہ پانچ سال میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ۔

واضح رہے آج کل گندم کی کٹائی جاری ہے،حکومت کی طرف سے خریداری بھی کی جارہی ہے،پنجاب حکومت نے کسانوں کی گندم کا دانہ دانہ خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

مزیدخبریں