پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے لاہوریوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا

28 Apr, 2020 | 12:18 PM

Sughra Afzal

(حسن علی) لاہور  کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہریوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آ سمان سے باتیں کرنے لگیں، آج بھی لیموں 400 روپے سے لیکر550 روپے فی کلو میں فروخت ہورہے ہیں۔

 رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوتے ہی لاہور میں پھولوں  اور سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں، شہرمیں لیموں400 روپے سے550 روپے، لہسن 300، ادرک 400 روپے، آلو 60 سے 70 اور پیاز60 سے70 روپے کلو میں فروخت ہورہا ہے جبکہ  امرود 200، کیلا150 سے200 ، سیب 200 سے400 اور خربوزہ 60 سے 80 روپے کلو میں فروخت  ہورہے ہیں۔

سبزی و پھل فروشوں کا کہنا ہے کہ اصل منافع خورسبزی و فروٹ منڈیوں میں بیٹھے ہیں، اگرسبزیوں کی قیمتوں میں کمی کرنی ہے تو اس منافع خور مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لانا ہوگی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے، صرف دعوے کیے جاتے ہیں لیکن منافع خوروں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی اقدامات نظر نہیں آتے۔

 دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار عوام کو منافع خوروں سے نجات دلانے کیلئے میدان میں آگئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف بلاتفریق کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیدیا، انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا، منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لئے آخری حد تک جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے  ہدایت کی کہ اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے،کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول اشیاء ضروریہ  کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنائے،انتظامی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو مانیٹر کریں، رمضان المبارک میں گرانفروشی پر بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

علاوہ ازیں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے  سرکاری نرخنامے آویزاں نہ کرنیوالے دکانداروں کی دکانیں سیل کرنے  اور سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول سیل قائم کر نے کا  حکم دیدیا۔

مزیدخبریں