چین کی کمیونسٹ پارٹی کا شہباز شریف کو تہنیتی خط

28 Apr, 2020 | 12:06 PM

Sughra Afzal

(عمراسلم ) چین کی کمیونسٹ پارٹی کا سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہبازشریف کو تہنیتی خط، چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی-پی-سی) کی مرکزی کمیٹی کےانٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ نے تین صفحات پر مبنیٰ خط ارسال کیا۔

شہباز شریف کو بھیجے گئے خط میں کہاگیاہے کہ کورونا کیخلاف جنگ میں چین کی حمایت اور یکجہتی کےاظہار پرشہبازشریف اور مسلم لیگ (ن) کےشکر گزار ہیں، کورونا کیخلاف چین کی جنگ میں پاکستانی معاشرے کے مختلف طبقات نے حمایت کی اور چین کی معیشت اور معاشرہ معمول پر واپس آرہے ہیں، زندگی اور پیداوار تیزی سے بحال ہورہی ہے، اس عمل میں حفاظت اور بچاؤ کے اقدامات مستقل بنیادوں پر لاگو کیے گئے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہےکہ چین پاکستان مسلم لیگ (ن) سمیت دنیا بھر کی سیاسی جماعتوں کیساتھ کام کرنے کو تیار ہے، کورونا کیخلاف پوری عالمی برادری کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا، مسلم لیگ (ن) نے چین پاکستان سدا بہار سٹرٹیجک اینڈ کوآپریٹو پارٹنرشپ کو فروغ دینے میں گرانقدر کام کیا ہے جبکہ سی پی سی روابط اور تعاون کو مزید گہرا کرنے کیلئےتیار ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کیساتھ پارٹی کی سطح پر تعاون کا فروغ چاہتے اور مسلم لیگ (ن) کیساتھ نیو ٹائپ پارٹی ٹو پارٹی تعلقات استوار کرنے کے خواہاں ہیں، خط میں خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ 29 مارچ کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہباز شریف  نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے پاکستان کا اس مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر  چینی حکومت کا شکریہ  ادا کیا تھا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے خط میں لکھا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی صورت میں بھی پاکستان کی مدد کی، مشکل کی اس گھڑی میں طبی سامان فراہم کرنے پر چینی حکومت کے شکر گزار ہیں، اور آپ کی مدد سے پاکستان میں کورونا سے قیمتی جانوں کو بچانے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں