پی ٹی آئی کارکنان آج مینار پاکستان پر چاند رات منائیں گے

28 Apr, 2018 | 04:34 PM

رانا جبران

سٹی (42 نیوز) مینار پاکستان پر تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل، سٹیج سج گیا، جلسہ منتظمین کا پچاس ہزار کرسیاں لگانے کا دعویٰ، پی ٹی آئی نے لاہور جلسے کے لئے راحت فتح علی خان کی آواز میں نیا ترانہ تیار کر لیا گیا۔

تحریک انصاف کے مطابق مینار پاکستان پر ملکی تاریخ کا منفرد ترین اور سب سے بڑا سٹیج تیار کیا گیا ہے۔ سٹیج کے عقب میں تاریخ کی سب سے بڑی سکرین آویزاں کی جارہی ہے۔ جلسے میں عمران خان کی بائیس سالہ جدوجہد پر فیصل جاوید کی جانب سے تیار کردہ دستا ویزی فلم دکھائی جائے گی۔

یہ بھی دیکھیں: 

 جلسے میں حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں بھی سکرین کے ذریعے دنیا کو دکھائی جائیں گی۔ عمران خان کے علاوہ درجن بھر رہنما اس تاریخی جلسے سے خطاب کریں گے۔ ہر مقرر کو منفرد موضوع پر اظہار خیال کی دعوت دی جائے گی۔

 ارض پاک سے وفاداری کا حلف خصوصی طور پر پروگرام کا حصہ ہے۔ ملک کے نامور گلوکار مادر وطن کی عقیدت میں ملی نغمے پیش کریں گے اور شرکاء کا لہو گرمائیں گے۔ جلسے کے لاکھوں شرکاء مینار پاکستان کے سائے میں ایک ساتھ قومی ترانہ پڑھیں گے۔

عمران خان اپنی سیاسی زندگی کا سب سے اہم خطاب کریں گے۔ کپتان نئے پاکستان کے حوالے سے اپنا نظریہ بیان کریں گے اور اپنا مفصل لائحہ عمل دیں گے۔

 

دوسری جانب جانب مینار پاکستان پر جلسہ کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ سٹیج کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ سٹیج 120 فٹ لمبا اور 24 فٹ چوڑا ہے۔ سٹیج کا پہلا حصہ پی ٹی آئی قائدین کے بیٹھنے کے لیے ہوگا اور وہاں پر صوفے لگائے گئے ہیں۔

 پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کی تقاریر کیلئے نیچے ڈائس لگایا جائے گا۔ عمران خان کی تقریر کے لئے مرکزی سٹیج کے اوپر دوسرا سٹیج بنایا جائے گا۔ ایک حصہ مردوں، دوسرا فیملی اور تیسرا حصہ خواتین کے لیے مختص ہوگا۔پنڈال کے داخلی اور خارجی راستے بھی الگ الگ بنائے جائیں گے۔ پنڈال میں دس ایل سی ڈیز نصب کی جائیں گی۔

علاوہ ازیں کھلاڑیوں کا لہو گرمانے کے لئے نئے ترانے بھی تیار کرلیے گئے ہیں، تحریک انصاف کے جلسے کیلئے نعرہ چاروں صوبوں کی جان میراکپتان ، عمران خان کے نام سے بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب راحت فتح علی خان کی آواز میں دم مست قلندر دھوم مچانے کو تیار ہے۔

مینار پاکستان جلسے کے لیے تحریک انصاف کی جانب سے راحت فتح علی خان کی آواز میں ترانہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ترانے کے بول عثمان ڈار نے لکھے ہیں۔ ترانہ میں کرپشن اور اقامہ کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ ترانہ کی کمپوزنگ او ریکارڈنگ 22 گھنٹوں میں مکمل کی گئی۔ ترانہ دو نہیں ایک پاکستان کے نظریے کو پیش کرے گا۔

مزیدخبریں