’ شرمپ فارمنگ کے آغاز سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا‘

27 Sep, 2024 | 02:55 PM

راؤ دلشاد : سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے تھائی یونین کے وفد کی ملاقات ہوئی، جس میں شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا ۔ 

 مریم اورنگزیب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی مریم نوازشریف کا وژن ہے کہ پنجاب کی بنجر زمینیں آباد ہوں، جدید فارمنگ سے زراعت ، کسانوں کو ترقی ملے ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبے کی زراعت کو جدید بنانے، فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے انقلابی وژن کا آغاز کیا ہے، شرمپ فارمنگ کی حوصلہ افزائی سے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے جدید فارمنگ کے حوالے سے پنجاب کو جدید دنیا کی فہرست میں شامل کیا ہے ۔ 

 مریم اورنگزیب نے کہا کہ شرمپ فارمنگ کے آغاز سے ایک ارب ڈالر زرمبادلہ کمانے کے علاوہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا ، پنجاب شرمپ فارمنگ ماڈل دیگر صوبوں کے لئے بھی ایک قابل تقلید مثال بنے گا،پہلے مرحلے میں 100 ایکڑ پر 100 ٹن شرمپ فارمنگ کا آغاز کیاجارہا ہے، اکتوبر میں جھینگے کی پہلی پیداوار حاصل ہوگی، ان شاءاللہ ، بنجر زمینیں آباد ہوں گی ۔ 

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 8 ارب روپے سے زرعی تحقیق وترقی اور ہنرمندی کے منصوبے پر عمل درآمد ہوگا ، حکومت جھینگے کی پیداوار کے فروغ کے لئے سیڈ اور فیڈ کی فراہمی میں مدد کرے گی ۔ ہیچری کے لئے کسانوں کو بلاسود قرض ملیں گے، کسان اور زراعت کے شعبے کو ترقی ملے گی ، فارم پروسیسنگ اور فیڈ کے علاوہ سٹوریج کے حوالے سے بھی حکومت کسانوں کی مدد کرے گی ۔ گریجویٹ نوجوانوں کویونیورسٹیوں کے ذریعے تحقیقی مراکز میں مواقع دئیے جائیں گے ، شرمپ منصوبے کے تحت کاروبار کے لئے زمین لیز پر دی جائے گی ۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لئے نجی شعبے کو مراعات دی جائیں گی ، پنجاب کی فوڈ باسکٹ کی ڈائیورسٹی کے پیش نظر شرمپ فارمنگ ہمارے فارمرز کی ضرورت ہے، مقامی آبادی کو روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع ملیں گے، کسانوں کی تربیت کے لیےبین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کررہے ہیں۔  

ملاقات میں پنجاب میں شرمپ فارمنگ کے آغاز و پیداوار،شرمپ ہیچریز، ریسرچ، ایکسپورٹ،ڈیمانڈ اینڈ سپلائی چین اورلوکل فارمرز کی ٹریننگزسے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ 

مریم اورنگزیب نے شرمپ فارمنگ میں تکنیکی معاونت پر تھائی وفد اور راوا کا شکریہ ادا کیا۔ 

مزیدخبریں