سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا  پاکستانی معیشت کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا : آصف علی زرداری

27 Sep, 2024 | 12:49 PM

 (ویب ڈیسک)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاحت ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ,پاکستان میں سیاحت کا شعبہ زراعت کےبعد دوسری بڑی معیشت کے طور پر سامنے آسکتا ہے,سیاحت سے دنیا بھر کے لوگ ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھ سکتےہیں , سیاحت قوموں کو جوڑنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرنا  پاکستانی معیشت کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا ۔

  عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم عالمی یومِ سیاحت 2024ء ’’سیاحت اور امن‘‘ کے موضوع پر منا رہے ہیں، سیاحت دنیا بھر میں امن، ہم آہنگی اور خیر سگالی کو فروغ دینے میں مدد کرتی ہے، پاکستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو شاندار مناظر، پہاڑوں، وسیع صحراؤں اور خوبصورت ساحلی پٹی سے نوازا گیا ہے۔

 صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ پاکستان وادیٔ سندھ اور گندھارا کی تہذیبوں کا گہوارہ بھی رہا ہے، وادیٔ سندھ اور گندھارا کی تہذیبیں پاکستان کو روحانی جستجو اور ثقافتی دریافت کا پُرکشش مقام بناتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی حقیقی سیاحتی استعداد کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، میں میڈیا پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کرے، سیاحت آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

 صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سیاحت بڑھانے کے لیے سڑکوں اور سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی ترجیح ہونی چاہیے، سیاحوں کے لیے ضروری سہولتوں میں اضافہ ان کی حوصلہ افزائی کرے گا، سیاح ہمارے قدرتی مناظر اور مذہبی مقامات سے محظوظ ہو سکیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ قابلِ رسائی ماحول بنا کر ہم زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتے ہیں۔

 یاد رہے کہ آج ملک بھر میں عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب کے زیرِ اہتمام عالمی دن کی مناسبت سے ترتیب دیئے گئے پروگراموں کے مطابق ہر ریجن میں بہت سے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے اور شہریوں کو سیاحت کے حوالے سے آگہی بھی دی جائے گی۔رواں سال یورنیفارم پروگرامز کی بجائے ہر ریجن کے پروگرام کو ان کے علاقائی رجحانات اور لوگوں کی پسند کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں