اویس کیانی : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےعید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی چھوٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر قیدیوں کی سزاؤں میں 90 روز کی کمی کی منظوری دے دی۔ صدر مملکت نے سزاؤں میں کمی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 45 کے تحت دی۔
واضح رہے کہ سزاؤں میں کمی کا اطلاق قتل ، جاسوسی اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں پر نہیں ہوگا، سزاؤں میں کمی کا اطلاق زنا، چوری ، ڈکیتی ، اغواء اور دہشت گردی میں سزا یافتہ مجرموں پر بھی نہیں ہوگا، سزا میں کمی کا اطلاق مالی جرائم اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں پر بھی نہیں ہوگا، سزا میں کمی کا اطلاق غیر ملکی افراد ایکٹ، 1946 اور منشیات کنٹرول (ترمیمی) ایکٹ 2022 ء کے تحت سزا یافتہ افراد پر نہیں ہوگا۔
65 سال سے زائد عمر کے مرد قیدی جو اپنی ایک تہائی قید کاٹ چکے ہیں ان پر اطلاق ہو گا، 60 سال سے زائد عمر کی خواتین قیدی جو ایک تہائی قید کاٹ چکی ہیں ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔ 18 سال سے کم عمر افراد جو اپنی ایک تہائی سزا کاٹ چکے ان پر بھی سزا میں کمی کا اطلاق ہوگا۔