(سعود بٹ) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں آنکھوں کے انفیکشن آشوب چشم کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبہ بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو جمعرات (کل) سے اتوار تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
صوبے میں آشوب چشم کی بڑھتی وبا کے پیش نظر نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کل بروز جمعرات اور ہفتہ کو نجی اور سرکاری سکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے تمام نجی اور سرکاری سکولوں میں جمعرات اور ہفتہ کی چھٹی دینے کی ہدایت جاری کردی جبکہ 12 ربیع الاول کو عید میلادالنبیﷺ کی چھٹی ہوگی۔
پیر کو صبح تمام سکولوں کے باہر بچوں کو داخلے کے وقت اساتذہ چیک کریں گے ، جن بچوں میں آشوب چشم کی شکایت ہوئی انکو واپس گھروں کوبھیج دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ لاہور اور دیگر شہروں میں آشوب چشم کے بڑھتے ہوئے مرض سے سکول کالجز کے طالبعلموں سمیت عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہو چکی ہے ۔ پنجاب بھر میں آشوب چشم سے ابتک 74،220 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 8851 مریض رپورٹ ہوئے ہیں ۔
مزید پڑھیں: قرآن کے مصدقہ ترجمے کی اشاعت کا معاملہ، لگتا ہے وفاق اس معاملہ میں سنجیدہ نہیں:لاہور ہائیکورٹ
خیال رہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ بہاولپور کے شہری متاثر ہوئے ہیں، بہاولپور میں بھی گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3 ہزار 82 مریض رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ فیصل اباد کے شہری متاثر ہوئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 6 سو 62 نئے مریض رپورٹ ہوئے جس سے فیصل آباد میں آشوب چشم سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 8 ہزار 3 سو 35 تک جا پہنچی
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے اشوب چشم کے پھیلاو کو روکنے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کے پابند ہوں گے۔