(قیصر کھوکھر) صوبائی محتسب کے اقدامات کی بدولت پی ایچ اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگیا۔
محتسب پنجاب میجر(ر) اعظم سلیمان خان کے حکم پر اٹھائے گئے اقدامات کے نتیجے میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کے ریونیو میں120 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مالی سال 21-2020 کے440 ملین روپے کے مقابلے میں پی ایچ اے نے22-2021 کے مالی سال میں 97 کروڑ80 لاکھ روپے کمائے ہیں، جس سے اُسے 53 کروڑ 40 لاکھ روپے کا اضافی فائدہ ہوا ہے۔
ترجمان کےمطابق محتسب پنجاب نے یہ احکامات جوہرٹاون کی راحمین اکرم کی درخواست پر دیئےجنہوں نے مارکیٹنگ ڈائریکٹوریٹ میں بدعنوانی کے خاتمے کیلئے محکمانہ اقدامات کی استدعا کی تھی۔
ترجمان نےبتایا کہ محتسب پنجاب کے حکم پر سپیشل سیکرٹری محکمہ ہاؤسنگ کی سربراہی میں چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ بدانتظامی کے مرتکب عملے کیخلاف تادیبی کارروائی کی جائے اور انتظامی بہتری کیلئےمعیاری آپریٹنگ طریقہ کاربھی تیار کیا جائے تا کہ محکمانہ امور میں بہتری آئے اور مالی وسائل میں اضافہ ہو۔