حج وعمرہ زائرین کیلئے خوشخبری، ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف

27 Sep, 2022 | 01:33 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے دنیا بھر سے آنے والے حج  و عمرہ  زائرین کی سہولت کے لئے ڈیجیٹل پلیٹ فارم نسک متعارف کروادیا۔

سعودی عرب کے سرکاری مربوط ڈیجیٹل پلیٹ فارم نسک (nusuk.sa) کے اجراء سے تمام عازمین حج اور زائرین کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سفر میں آسانی ہوگی، اس ای پلیٹ فارم کا مقصد دنیا بھر سے مملکت سعودی عرب کا دورہ کرنے والے مسلمانوں کے تجربے میں اضافہ کرنا اور عمرہ کی ادائیگی کے لئے زائرین کی آمد کے طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔

نُسُک کا آغاز سعودی ٹورازم اتھارٹی کے تعاون اور شراکت داری سے کیا گیا ہے تاکہ وزٹ سعودی ایکو سسٹم میں ویزوں، پرمٹ، بکنگ پروسز اور طریقہ کار کی سہولت فراہم کرنے کے لیے خدمات کی مکمل رینج فراہم کی جاسکے۔ نُسُک مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا دورہ کرنے والے مسلمانوں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لئے مختلف پیکیجز اور پروگرام بھی پیش کرتا ہے۔

اس سہولت کی اضافی خدمات میں سرگرمیوں کا ایک کیلنڈر، انٹرایکٹو نقشے، صحت کی دیکھ بھال کی معلومات اور خدمات اور تمام پالیسی ہدایات کے لئے ایک ڈیجیٹل گائیڈ شامل ہوگی جو کئی زبانوں میں فراہم کی جائیں گی۔

نُسُک نجی شعبے کے لئے بھی مواقع فراہم کرتا ہے، جو سروس فراہم کنندگان کو حجاج اور زائرین کو الیکٹرانک طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کے قابل بناتا ہے۔ مقام کا پلیٹ فارم عمرہ ٹرپ پروگرام کی منصوبہ بندی میں تعاون جاری رکھے گا جب تک کہ اس کی خدمات آنے والے وقت میں نُسُک منتقل نہیں ہوجاتی ہیں۔

مزیدخبریں