ویب ڈیسک: پنجاب نے وفاقی حکومت پر صوبے کے 146 ارب روپے کے واجبات نہ دینے کا الزام عائد کردیا، وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب کے قانونی اور آئینی واجبات روک لئے گئے ہیں، وفاقی حکومت نے سیلاب زدگان کے لئے آنے والی امداد میں سے پنجاب کو کچھ نہیں دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب کو 146 ارب روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پر اظہار تشویش کیا۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے پنجاب کے قانونی اور آئینی واجبات روک لئے گئے ہیں، وفاقی حکومت نے سیلاب زدگان کے لئے آنے والی امداد میں سے پنجاب کو کچھ نہیں دیا، سیلاب متاثرین کے گھر بنانے کیلئے وفاقی حکومت کی طرف سے شیئربھی نہیں دیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ واجبات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے سیلاب زدگان کی بحالی کی سرگرمیاں بھی سست روی کا شکار ہوسکتی ہیں، 146 ارب روپے کے واجبات روکے جانے کی وجہ سے ہیلتھ سمیت دیگر سیکٹر کے پراجیکٹ متاثر ہوسکتے ہیں، مریضوں کو مفت ادویات اورسہولتیں دینا چاہتے ہیں، وفاق واجبات روک کر حائل ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ وفاق سے واجبات نہ ملنے کی وجہ سے ہسپتالوں کی تکمیل کا عمل رک سکتا ہے، جان بوجھ کر پنجاب کے فنڈز روکے گئے ہیں تاکہ صوبہ ترقی نہ ہونے سے کھنڈرات میں بدل جائے۔