وزیراعظم ہاؤس سے آڈیو کیسے لیک ہوئی؟ اعلیٰ سطح پر تحقیقات شروع

27 Sep, 2022 | 08:41 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم ہاؤس سے  آڈیو لیک  ہونے کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس  سے آڈیو لیک ہونے کے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا جبکہ جے آئی ٹی میں حساس اداروں کا ایک ایک نمائند بھی شامل ہوگا، جے آئی ٹی اس بات کی تحقیقات کرے گی، کیسے آئی ٹی ڈیٹا ہیک کیا گیا، جے آئی ٹی کو اختیار ہوگا، وہ وزیراعظم ہاؤس کے عملے کو شامل تفتیش کرے۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس میں ڈیوائسز لگائی گئیں یا موبائل ریکارڈنگ ہوئی تحقیقات ہوں گی، تحقیقاتی ٹیم جائزہ لے گی کہ واقعے کے وقت کون کون افسر وزیر اعظم ہاؤس میں موجود تھا، وزیراعظم سیکرٹریٹ میں مامور اسپیشل برانچ کے اہکاروں سے بھی تحقیقات ہوں گی، وزیر اعظم ہاؤس اور آفس پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت بھی محدود کر دی گئی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس سمیت اہم مقامات سے خفیہ ریکارڈنگ کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں طلب کرلیا، اجلاس میں سکیورٹی اداروں کے سربراہان بھی شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی دو روز قبل آڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد پی ایم ہاؤس کی سکیورٹی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے تھے۔

مزیدخبریں