ویب ڈیسک : ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کو سنگین جرائم کی فہرست میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ و قانون کو ٹریفک پولیس نے تجویز دی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کو ٹیکسٹ، وائس کالز اور ویڈیو بنانے پر استعمال کرنے پر موٹرسائیکل سواروں کو 1000 روپے، کار ڈرائیوروں کو 1500 روپے اور پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیوروں کو 2 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) کے ایس پی سرفراز ورک کا کہنا تھا کہ ہم منتظر ہیں کہ کابینہ ڈویژن نئے مجوزہ جرمانے کی منظوری دے، اس وقت موبائل فون کا استعمال دیگر متفرق جرائم کے عنوان کے تحت آتا ہے۔ آئی ٹی پی کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے اب تک گاڑیوں کے بائیک سے ٹکرانے کے 53 حادثات درج ہوئے ہیں جن میں سے 43 میں جانی نقصان ہوا۔