"حکمرانوں سے لڑائی وہاں تک جائے گی کہ ان کو ہوش نہیں آئے گی"

27 Sep, 2020 | 11:16 PM

Arslan Sheikh

( راؤدلشادحسین ) سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا ہے کہ حکمرانوں سے لڑائی وہاں تک جائے گی کہ ان کو ہوش نہیں آئے گی، احتجاجی جلسوں اور ریلیوں سے قبل بھی اپوزیشن نے استعفے دیئے تو سپیکر قومی اسمبلی کو منظور کرنا پڑیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر لیگی رہنما چودھری حنیف نے سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر سردار ایاز صادق نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی کارکنوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا مطلب ہے کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت تیزی سے کم رہی ہے۔ حکمرانوں سے لڑائی وہاں تک جائے گی، جہاں ان کو ہوش نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ استعفوں کے حوالے سے میڈیا میں کنفیوژنز پھیلائی جارہی ہیں، جو رکن اسمبلی استعفیٰ دے گا ذاتی حیثیت میں سپیکر کے پاس جائے گا۔ ہم استعفے دینگے اور ایک ایک کرکے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس جائینگے، اگر پھر بھی سپیکر قومی اسمبلی استعفے منظور نہیں کرتے تو دوسرا راستہ بھی ہے۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ استعفیٰ دیکر وصولی کرا کر بہادر آدمی جاوید ہاشمی کی طرح ہاؤس میں اعلان کرینگے، قومی اسمبلی میں اعلان کے بعد اسپیکر کو استعفے منظور کرنا پڑینگے، کیونکہ جاوید ہاشمی کے اعلان کے فوری بعد میں نے انکا استعفیٰ منظور کرلیا تھا۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پہلے طے ہوا تھا کہ استعفے جلسے، جلوسوں اور ریلیوں کے بعد دیے جائیں گے لیکن اب استعفے پہلے بھی آسکتے ہیں۔

ظہرانے کی تقریب میں لیگی رہنما رانا احسن شرافت، حاجی عبدالرزاق، عابد حسین، کاشف چودھری، میاں شبیرحسین، چودھری رمضان، شیخ الطاف، ملک ریاض، فاروق خان، چودھری ذوالفقار، چودھری منہاج سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ 

مزیدخبریں