سیف سٹی نے ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا

27 Sep, 2020 | 08:22 PM

Arslan Sheikh

( عابد چوہدری ) سیف سٹی اتھارٹی کی رپورٹ نے سٹی ٹریفک پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا، رپورٹ کے مطابق ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی کی بجائے ذاتی کاموں پر نکل جاتے ہیں، یا پھر دکانوں میں بیٹھ کر ٹائم پاس کرتے ہیں۔

سیف سٹی اتھارٹی کی رپورٹ پر ایس پی سٹی ٹریفک سید حماد رضا قریشی سیکٹر انچارجز پر برس پڑے۔ ایس پی سٹی حماد رضا قریشی نے ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز کو مراسلہ جاری کر دیا۔ مراسلے میں ایس پی ٹریفک کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی پوائنٹس چھوڑ کر ذاتی کاموں پر نکل جاتے ہیں، یا پھر دکانوں اور دفاتر میں بیٹھ کر ٹائم پاس کرتے ہیں۔

حماد رضا قریشی کا کہنا ہے کہ پٹرولنگ افسر بھی اعلیٰ افسران کی موومنٹ کے دوران نظر آتے ہیں، افسران کی موومنٹ کے بعد وارڈنز پھر غائب ہو جاتے ہیں۔ ون وے کی خلاف ورزی، رانگ پارکنگ اور تجاوزات کی بھرمار کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کرتا جبکہ ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکٹر انچارجز کام نہیں کرتے نہ انکی اپنے سیکٹر میں وارڈنز پر گرفت ہے۔ مراسلے کے مطابق مارننگ شفٹ کے وارڈنز چھٹی سے بیس منٹ پہلے جبکہ دوسری شفٹ کے وارڈنز بیس منٹ تاخیر سے ڈیوٹی پوائنٹس پر پہنچتے ہیں، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔

مزیدخبریں