فیصل واوڈا نے طلال چودھری کو گانا ڈیڈیکیٹ کردیا

27 Sep, 2020 | 03:44 PM

Azhar Thiraj

سٹی 42 : مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر طلال چودھری  تشدد کے بعد  سوشل میڈیا ،الیکٹرانک میڈیا اور پرنٹ میڈیا پر موضوع بحث بنے ہیں،کچھ لوگ ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں تو کچھ صارفین ان کی تنظیم سازی کا مذاق اڑاتے ہوئے دلچسپ میمز شیئر کررہے ہیں۔

طلال چوہدری پر حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے طلال چوہدری کے لیے ایک گانا پیش کیا ہے۔وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی، ویڈیو میں ایک زخمی شخص کی حالت دکھائی گئی تھی جس پر ایک گانا بھی لگا ہوا تھا۔ فیصل واوڈا نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’نیک خواہشات  اور جلد صحت یابی کے ساتھ یہ طلال چوہدری کے لیے۔

خیال رہے کہ 24 ستمبر کی رات طلال چوہدری فیصل آباد میں مبینہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے، طلال چوہدری کے بائیں کندھے پر چوٹ آئی ہے اور وہ لاہور کے نجی اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔مبینہ حملے کےحوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی رابطہ کار شہباز گِل نے طلال چوہدی پر اپنی ہی جماعت کی خاتون رکن قومی اسمبلی کو ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

بعدازاں طلال چوہدری نے مبینہ حملے سے متعلق چلنے والی خبروں کی تردید بھی کی تھی۔اپنے بیان میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مجھ سےمتعلق ذرائع سے چلنے والی خبریں حقائق پر مبنی نہیں اور واقعے کے حوالے سے تفصیلی مؤقف جاری کروں گا۔انہوں نے کہا تھا کہ واقعے کا کسی خاتون رکن قومی اسمبلی سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا سب ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت اور وقار کا خیال رکھا جائے۔

مزیدخبریں