رواں ہفتے تیز ہواؤں کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی

27 Sep, 2020 | 03:50 PM

Sughra Afzal

(سعدیہ خان) گرمی سے پریشان شہریوں کیلئے اچھی خبر، محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کیساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ 

گرمی کا آخری پڑاؤ، محکمہ موسمیات کے مطابق ستمبر کا اختتام گرم موسم کے ساتھ ہوگا، اکتوبر کے آغاز کے ساتھ لاہور سمیت پنجاب میں موسم بہتر ہوجائے گا، شمال مغربی ہوائیں بالائی علاقوں میں بارشیں برسائیں گی۔

 

موسم کا احوال بتانے والے کہتے ہیں کہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بارشوں کا نیا سسٹم پنجاب کا رخ کرے گا، سسٹم کمزور ہوگا، ممکن ہے کہ پہلے ہفتے میں لاہور میں بوندا باندی ہوجائے، لیکن اس کے امکانات انتہائی کم ہیں، درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

 

  محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 36 فیصد رہا، جبکہ رات کے اوقات میں موسم تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے اورپارہ 22 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔

علاوہ ازیں باغوں کے شہر  لاہور میں ماہ نومبر میں سموگ کے پھیلاؤ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا،اس کی ایک اہم وجہ لاہور میں 60 فیصد پرانی گاڑیاں چلائے جانے کی ہے کیونکہ دھواں چھوڑتی یہ گاڑیاں فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے محکمہ تحفظ ماحولیات نے مانیٹرنگ ٹیمیں  تشکیل دے دی ہیں، ٹیمیں سیمنٹ کے پلانٹس اور پتھروں کی کوٹائی سے پھیلنے والی فضائی آلودگی کا جائزہ لیں گی ۔

دوسری جانب پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بارشوں سے نمٹنے کے لیے 11 مقامات پر زیرزمین واٹر ٹینک بنانے کی منظوری دے دی گئی۔ زیر زمین واٹر ٹینکس تاجپورہ، شیرانوالہ گیٹ، ناصر باغ، قذافی اسٹیڈیم و دیگر مقامات پر بنائے جائیں گے۔

مزیدخبریں