(شہزاد خان) لاہور چیمبر کے ایسوسی ایٹ کلاس کے الیکشن میں پیاف فاؤنڈر الائنس نے ایک مرتبہ پھر کلین سویپ کر دیا، پیاف فاؤنڈر الائنس نے 2 ہزار477 پینل ووٹ حاصل کرکے میدان مار لیا، پیاف کے قائدین اور حامیوں کا جشن۔
شہر کی تاجر برادری کا سب سے بڑا انتخابی معرکہ، لاہور چیمبر ایسوسی ایٹ کلاس کے الیکشن میں ووٹنگ کے ٹرن آؤٹ کی شرح کے گزشتہ تمام ریکارڈز ٹوٹ گئے، رواں الیکشن میں ٹرن آؤٹ44 فیصد رہا، گزشتہ سال کے مقابلے میں اس الیکشن میں 550ووٹ زیادہ کاسٹ ہوئے،10760 ووٹرز میں سے 4750 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔
پیاف فاؤنڈر الائنس نے 2 ہزار477 پینل ووٹ حاصل کر کے مسلسل 18 ویں سال کلین سویپ کردیا، الیکشن کمیشن ممبران سہیل لاشاری، ہارون شفیق اور شاہد حسن شیخ نے نتائج کا اعلان کیا، نتائج کے مطابق ناصر حمید خان 3 ہزار299 ووٹ حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہے، سلیم اصغر بھٹی 3 ہزار236 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے، تیسرے نمبر پرمیاں مقبول صدیق نے 3 ہزار220 ووٹ حاصل کیے۔
اسی طرح شاہد نذیر 3 ہزار187 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر رہے، جبکہ عمران کاشف بشیر 3151 ووٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر، محمد علی افضل 3085 اور نعیم حنیف 3056 ووٹ حاصل کر کے کامیاب رہے،جبکہ ہارنے والے لاہور بزنسمین فرنٹ نے 999 پینل ووٹ حاصل کیے،امجد چودھری 1693، میاں جاوید علی 1432، علی رضا 1349، زین الہی 1339، نبیل محمود 1229، چودھری محمد راشد 1211، محمد وسیم عباس 1185 اور ساجد عزیز 1195 ووٹ حاصل کرسکے۔
الیکشن نتائج کے اعلان کے بعد پیاف فاؤنڈر الائنس کےحامیوں نے جشن منایا اور امیدواروں کےحق میں نعرے بازی کی۔