جیل روڈ (زاہد چودھری ) چوبیس گھنٹے کے دوران پنجاب میں مزید 4 طالبعلم کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ تعلیمی ادارے کھلنے سے اب تک متاثرہ طلبا کی مجموعی تعداد 129 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینڈم سیمپلنگ کے دوران چوبیس گھنٹے میں مزید 4 طلبا کے کورونا کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ محکمہ پرائمری ہیلتھ کی جانب سے اب تک کورونا کی تشخیص کیلئے صوبے بھر کے 987 تعلیمی اداروں سے 60321 سیمپل حاصل کئے گئے جن میں سے اب تک مجموعی طور پر 129 طلبا کورونا میں مبتلا پائے گئے ہیں۔
دوسری جانب شہر میں کوروناکے 33نئے مریض سامنے آگئے۔ پنجاب بھر میں 77 نئے کیسز کی تصدیق ۔ پنجاب میں مجموعی طور پر 98941 مریض جن میں سے نصف سے زیادہ 49632لاہور میں رپورٹ ہوئے ۔ راولپنڈی دوسرے نمبر پر ہے۔جہاں کیسز کی تعداد 7971ہے۔ پنجاب کے 23اضلاع میں ایک ہزار سے بھی کورونا کیسز کی تعداد کم رہی ۔ پنجاب میں وبا کے دوران اب تک 2229اموات ہوچکی ہیں جن میں سے 863 اموات لاہور میں رپورٹ ہوئی ہیں ۔
دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 7 ہزار 797 ہو گئی ،مزید سات مریض چل بسے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 566نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 581 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق فعال کیسز کی تعداد 7 ہزار 797 ہو گئی جبکہ اب تک کورونا وائرس میں مبتلا 2 لاکھ 95 ہزار 333 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید7 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 6 ہزار 451 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 488 ، پنجاب میں98 ہزار 941 خیبرپختونخوا 37 ہزار 588 ، اسلام آباد میں 16 ہزار 367، بلوچستان میں 14 ہزار 932 ، آزاد کشمیر 2 ہزار 630 اورگلگت بلتستان میں 3 ہزار 635 تعداد ہوگئی۔