10 لاکھ نوجوانوں کو 100 ارب کاقرض دیا جائے گا، عثمان ڈار

27 Sep, 2020 | 11:35 AM

Shazia Bashir

(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 لاکھ نوجوانوں کو 100 ارب روپے قرض دیا جائے گا، ایک لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے تک قرضہ ذاتی گارنٹی پر فراہم کیا جائے گا، کامیاب جوان پروگرام کا ہدف ایس ایم ای سیکٹر ہے کیونکہ یہی شعبہ روزگار کے مواقع فراہم کر سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر آف کامرس میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، صدر چیمبر آف کامرس ثوبان ظہیر بٹ، نومنتخب صدر وحید الدین ٹانڈہ، پاکستان تحریک انصاف کے راہنما مدثر رضا مچھیانہ بھی موجود تھے.

معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تین مراحل ہیں، پہلا مرحلہ ایک لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے قرض ہے جس پر مارک اپ صرف تین فیصد ہے، دوسرا مرحلہ 10 لاکھ روپے سے 1 کروڑ روپے اور تیسرا مرحلہ ایک کروڑ روپے سے ڈھائی کروڑ روپے ہے جس پر مارک اپ کی شرح نہایت مناسب ہے. انہوں نے کہا کہ ابتک نوجوانوں کو 5.9 ارب روپے کے قرضے دیے جا چکے ہیں ، کامیاب جوان پروگرام سکیم  کے تحت قرض کے لیے کسی سیاسی وابستگی کو مدنظر نہیں رکھا جاتا، سکیم کو اس انداز سے ڈئزائن کیا گیا ہے جن افراد کی بنکوں تک رسائی نہیں تو انہیں بآسانی قرض مل سکیں.

معاون خصوصی عثمان ڈار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر کامیاب جوان پروگرام سے 3 بنک منسلک تھے تاہم اب مزید 18 بنک بھی اس میں شامل ہو رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا وڑن ہے کہ یہ نوجوانوں کو اس قابل بنایا جا سکے کہ وہ نوکری ڈھونڈنے کی بجائے نوکریاں پیدا کریں اس مقصد کے لیے ایک لاکھ نوجوانوں کو فنی تعلیم بھی دی جا رہی ہے.

معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر ٹائیگر فورس بنائی گئی ہے جس کے 10 لاکھ سے زائد ممبران ہے، یہ نوجوان اپنے علاقوں کے مسائل حکومت تک پہنچا کر پالیسی سازی میں شریک ہیں اسکے ساتھ بے لوث سماجی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں.

معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ جہاں حکومت کاروبار کے لیے قرضے دے رہی ہے وہیں کاروبار میں آسانی پیدا کرنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے. انہوں نے کہا کہ گجرات چیمبر میں کامیاب جوان کا کاونٹر بنایا جائے اور چیمبر آف کامرس قرض کے خواہشمند افراد کو راہ نمائی فراہم کی جائے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ گجرات میں انڈسٹریل اسٹیٹ ٹو کے قیام کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر بھر پور معاونت کریں گے۔

مزیدخبریں