چینی پیاز اور دال سمیت 22 اشیائے صرف کی قیمتوں میں اضافہ

27 Sep, 2020 | 01:32 PM

Shazia Bashir

(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ کا رجحان بدستور جاری ہے اور گذشتہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی 0.32 فیصد اضافے کے ساتھ بڑھ کر 8.86 فیصد ہوگئی ہے اور پچھلے ایک ہفتے کے دوران ملک میں ٹماٹر، پیاز، چینی ، آٹے اور چاول سمیت روزمرہ استعمال کی 22 اشیا مہنگی ہوگئی ہیں۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور 8 مصنوعات سستی ہوئی ہیں جبکہ 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں برقراررہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.32 فیصد اضافہ ہوا اور مہنگائی کی شرح 8.86 فیصد رہی۔

وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ساڑھے 8 روپے اضافے سے ٹماٹر کی قیمت 100 روپے سے تجاوز کرگئی۔ پیاز 5 روپے مہنگی ہو کر 55 روپے فی کلو پرپہنچ گئی۔ جبکہ چینی بھی ڈیڑھ روپے فی کلو مہنگی ہوئی ہے اور قیمت 96 روپے سے بڑھ گئی ہے، اسی طرح صابن، دال مسور، انڈے اور گْڑ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

دوسری جانب گھی، دال ماش، دال چنا، دال مونگ، آلو، لہسن، کیلے، چاول اور آٹے کی قیمت میں معمولی کمی ہوئی ہے اسی طرح مرغی 9 روپے کی کمی کے ساتھ 154 جبکہ 11.67 کلوگرام والا ایل پی جی سیلنڈر بھی 9 روپے سستا ہو کر 1260 پر آگیا ہے پٹرول، ڈیزل اورسرخ مرچ سمیت 21 اشیاء  کی قیمتیں برقرار رہی ہیں۔

مزیدخبریں