حافظ شہباز علی: پی سی بی فیوچر پروگرام کے تحت سینٹرل پنجاب کے انڈر 13 کھلاڑیوں کے ٹرائلز مکمل ہوگئے، ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں نے مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کو ہدف قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے انڈر 13 ٹرائلز میں سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سے ملحقہ سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے 80 کھلاڑیوں نےحصہ لیا، ٹرائلز کے آغاز سےقبل کھلاڑیوں کی عمر کےدستاویزات کی تصدیق کی گئی۔ شہر میں ہونے والی بارش کے سبب ٹرائلز انڈور منتقل کردئیے گئے، قومی جونئیر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ سلیم جعفر اور سعود خان نے ٹرائلز کی نگرانی کی، ٹرائلز میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹرائلز دینے پر خوشی کا اظہار کیا۔
نوجوان لیگ اسپنر مجتبی زمان نے شین وارن جبکہ بلے باز عبدالمعیز طارق اور حسنین نے بابر اعظم کو اپنا فیورٹ قرار دیتے ہوئے ان کی طرح بین الاقومی کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیف سلیکٹر سلیم جعفرکا کہنا تھا کہ انڈر13 کھلاڑیوں میں اچھا ٹیلنٹ دیکھنے میں آیا ہے۔
ٹرائلز مکمل ہونے کے بعد سلیکشن کمیٹی آئندہ چند روز میں قومی انڈر 13 چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لیے ٹیم کا اعلان کرے گی۔