رومیل الیاس: نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن, پی ایس او اور خلق یوتھ فرنٹ نے تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس یونین بحال کرنے کےلئے 14 نومبر سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔
بائیں بازو کی تینوں سٹوڈنٹ تنظیموں نے لاہور میں اجلاس کے بعد سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق طلباء یونینز فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
خلق یوتھ فرنٹ، پی ایس او، اور نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا اجلاس شادمان میں ایک این جی او کے دفتر میں ہوا۔ مزمل کاکڑ ، حارث حسن، رائے علی آفتاب، شیر شاہ مندوخیل، حیدر بٹ، افراسیاب سواتی و دیگر نے اظہار خیال کیا۔
شرکاء نے تعلیمی اداروں میں پیش آنے والے جنسی ہراسانی کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ تعلیمی اداروں میں جنسی ہراسانی سمیت تمام مسائل کا حل طلباء یونینز کی بحالی ہے ۔اجلاس کے شرکاء کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ملک بھر میں طلبہ یونین پر عائد پابندی کو فوری ختم کیا جائے اور تعلیمی اداروں میں انتخابات اعلان کیا جائے۔