سٹی42: طیارے اور رکشہ کے تصادم میں 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔
سوڈان میں ہونے والے اس حادثے میں فضا سے زمین پر اترنے کی کوشش کرنے والے طیارے کی ٹکر سے رکشہ میں سوار چار افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مشرقی سوڈان کی ریاست القضارف میں پیش آیا جہاں ایک چھوٹے طیارے کا پائلٹ اسے کچے رن وے پر اتارنے کے لئے کوشش کر رہا تھا، اس کوشش کے دوران اس کا طیارہ سیدھا ایک رکشے پر لینڈ کر گیا۔
چھوٹا طیارہ فصلوں پر کیڑے مار دوائی کا سپرے کرکےکچے رن وے پر اتر رہا تھا اسی کچی سڑک پر ایک لوڈر رکشا بھی آگیا جس میں زرعی کارکن سوار تھے جو فصل کی کٹائی کے بعد واپس آرہے تھے۔
حادثے میں رکشے میں سوار 4 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے جب کہ طیارے کا یوکرینی پائلٹ، اس کا معاون اور رکشا ڈرائیور محفوظ رہے۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں طیارے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔