ویب ڈیسک: سال 2002ء میں گیت ’عادت‘ کی وجہ سے مشہور ہونے والا بینڈ ’جل‘ تیزی کے ساتھ شہرت کی بلندیوں پر پہنچا ، گوہر ممتاز کے ساتھ عاطف اسلم اور فرحان سعید بھی اس معروف بینڈ کا حصہ تھے لیکن عاطف اسلم نے یہ بینڈ چھوڑ دیا تھا۔
گوہر ممتاز اور عاطف اسلم دوران طالب علمی کالج میں ملے تھے جہاں انہوں نے ایک میوزیکل بینڈ بنانے کا فیصلہ کیا تھا،2001 میں اس بینڈ نے مقبولیت حاصل کرنا شروع کی، یہ وہ دور تھا جو پاکستانی پاپ موسیقی کا یادگار ترین دور کہلاتا ہے،اس بینڈ کی وجہ مقبولیت گانا ’عادت‘بنا لیکن 2003 میں عاطف اسلم نے اس بینڈ لیڈ گٹارسٹ گوہر ممتاز سے اختلافات کے بعدخدا حافظ کہہ دیا جس کے بعد گوہر ممتاز نے فرحان سعید کے ساتھ ملکر بینڈ کو پھر سے مستحکم کیا۔
احمد علی بٹ کے ساتھ پوڈ کاسٹ انٹرویو میں شرکت کرتے ہوئے گوہر ممتاز کا کہنا تھا کہ ان کے آج بھی عاطف اسلم کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں وہ آپس میں اچھے طریقے سے ملتے بھی ہیں اور ان کے درمیان آج کسی قسم کے اختلافات نہیں۔
4 سال پہلے ایک انٹرویو میں عاطف اسلم نے میرے بارے کچھ منفی باتیں کی تھیں جو کہ میں سمجھتا ہوں کہ عاطف کو نہیں کرنی چاہئے تھیں کیونکہ ماضی میں جو کچھ ہوا وہ سب ہم بھول کر آگے بڑھ چکے تھے، لیکن پھر عاطف میرے پاس آیا اور اس نے مجھ سے اس حوالے سے معذرت بھی کی۔
گوہر ممتاز نے یہ بھی کہا کہ پچھلے دنوں ایک پوڈ کاسٹ میں ، میں نے فرحان سعید کے بارے میں کچھ باتیں کہیں جو مجھے نہیں کرنی چاہیئے تھیں، میری باتوں کو توڑ مروڑ کر بھی پیش کیا گیا۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’اس پوڈ کاسٹ میں، میں نے صرف اتنا کہا تھا کہ جب جل بینڈ بنایا تو فرحان ہمارے ساتھ تھا، ہمیں فرحان سعید کی آواز پر بہت محنت کرنی پڑی تھی، میں عاطف اور فرحان دونوں کی بہت عزت کرتا ہوں۔‘