فردوس جمال نے فیملی کو کیوں چھوڑا؟ سینیئر اداکار نے وجہ بتا دی

27 Oct, 2024 | 10:03 AM

ویب ڈیسک:سینیئر  اداکار فردوس جمال نے انکشاف کیا ہے کہ اپنے کینسر میں مبتلا ہونے کے بعد وہ اہل خانہ سے الگ ہوئے، کیوں کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی تکلیف دیکھ کر وہ اذیت میں مبتلا ہوجائیں۔

فردوس جمال نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں اہل خانہ سے دور ہونے پر کھل کر بات کی، جہاں انہوں نے بتایا کہ  2022 میں جب انہیں کینسر ہوا تو انہوں نے اہل خانہ کو خود سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا،جب تک وہ صحت مند تھے، تب تک اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ہی رہے لیکن بیمار ہونے کے بعد انہوں بیوی اور بچوں سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا، کیوں کہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ اہل خانہ ان کی تکلیف دیکھیں۔

فردوس جمال نے کہا اگر وہ بیماری میں بھی بچوں اور بیوی کے ہمراہ رہتے تو سب ان کی تکلیف اور بیماری دیکھ کر ہر وقت پریشان رہتے، اس لیے انہوں نے انہیں الگ ہونے کا کہا، بچے بھی شادی شدہ ہیں اور ان کا اپنا ایک خاندان ہے تو وہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کی بیماری کی وجہ سے ان کی ذاتی زندگی اور خاندان پریشان ہو، اس لیے انہوں نے مشکل فیصلہ لیا۔

اداکار نے کہا وہ شروع سے ہی تنہائی پسند رہے ہیں، اس لیے انہوں ںے بیماری میں بھی اپنے بچوں کو تکلیف دینے کا نہ سوچا اور انہیں اپنے آبائی شہر پشاور بھیج دیا،وہ لاہور کے گھر میں تنہا رہتے ہیں لیکن ان کا اپنے اہل خانہ سے مکمل رابطہ ہے۔

فردوس جمال میں دسمبر 2022 میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی اور ان کی بیماری و علاج سے متعلق ان کے بیٹے ہی میڈیا اور مداحوں کو معلومات فراہم کرتے تھے، فردوس جمال نے مئی 2024 میں بتایا تھا کہ وہ کینسر سے مکمل طور پر صحت یاب ہوگئے، ان کے علاج کے لیے حکومت پاکستان نے بھی مدد فراہم کی تھی۔
 

 
 

مزیدخبریں