چوہنگ میں پانچ افراد کا قتل، ایک بچہ بھی زخمی ہوگیا

27 Oct, 2023 | 09:39 PM

اسرار خان: چوہنگ کے علاقہ میں فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق، ایک بچہ زخمی ہو گیا۔

 پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ  لاہور کے علاقہ چوہنگ میں حاجی شہزاد اعوان کے ڈیرہ پر پیش آیا، نامعلوم ملزم نے اندھا دھند فائرنگ کی، ملزم موقع سے فرار ہو گیا،مقتولین میں 3 بھائی، انکا کزن اور ایک ملازم شامل ہیں۔  وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس خونیں واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتارانسپکٹر جنرل پنجاب سے ملزموں کی گرفتاری اور واقعہ کی فوری مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولین میں 40 سالہ حافظ  مرتضیٰ، اسکے بھائی 45 سالہ غلام مصطفیٰ اور 55 سالہ شہزاد اعوان شامل ہیں۔مقتولین کا کزن 55 سالہ ملک خادم حسین اور ملازم 18 سالہ فہد بھی جاں بحق ہوئے۔ فائرنگ کی زد میں آ کر 5 سالہ ابو بکر زخمی ہوا جسے جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جائے وقوعہ سے فرانزک ٹیموں کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔  ملحقہ  گلیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔ واقعہ میں ملوث ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا چوہنگ میں 5 افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس 

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چوہنگ میں پانچ افراد کے قتل کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئی جی پولیس سے کہا کہ ملزمان کو  قانون کی گرفت میں لا کر قانونی کارروائی کی جائے۔مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ 

لواحقین کا بیان

چوہنگ کے گاؤں خان پور میں 5 افراد کے قتل کے واقعے کے متعلق مقتولوں کے لواحقین کا کہنا تھا کہ مقتولین شام کے وقت ڈیرے پر بیٹھے گپ شپ کر رہے تھے، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر آئے حملہ آوروں نے اتنی شدید فائرنگ کی کہ تین بھائی شہزاد اعوان، مرتضیٰ، مصطفیٰ، کزن ملک خادم اور ملازم فہد خان موقع پر ہی دم توڑ گئے، فائرنگ کی زد میں آ کر 5 سالہ بچہ بھی زخمی ہو گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعودجائے وقوعہ پر پہنچ گئیں

لاہور کے نواحی علاقہ چوہنگ مین پانچ افراد کے قاتل کی گرفتاری کے لئے نگراں وزیراعلیٰ کی ہدایت پر شہر بر کی پولیس متحرک ہو گئی۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن انوش مسعود فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ انہوں نے ایس پی صدر انویسٹی گیشن احمد زنیر چیمہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔

اس اندوہناک واقعہ میں ہلاک ہونیولوں میں حافظ محمد مرتضیٰ، غلام مصطفیٰ، ملک شہزاد، ملک خادم حسین، اور فہد شامل ہیں۔

 ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ یہ واقعہ 2پارٹیوں میں پراپرٹی کےتنازعہ کا شاخسانہ ہے، ملزمان کے بہت قریب ہیں، فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں،

 ڈاکٹر انوش مسعود  کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں