ویب ڈیسک:سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم سیاہ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر دنیا کی بڑی جیل دکھائی دیتا ہے، ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں، وزیر خارجہ بھارتی مظالم کے خلاف عالمی سطح پر رائےعامہ تیار کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مودی کی مقبوضہ کشمیرمیں جارحیت پر پاکستان میں عوام کی منتخب حکومت نہیں تھی، اس وقت اگر پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ سکون سے نہ بیٹھے ہوتے۔آصف زرداری نے کہا کہ کشمیر میں رائے شماری کشمیریوں کا بنیادی انسانی اور جمہوری حق ہے، مہذب دنیا کو مقبوضہ کشمیر پر بھارتی جبر کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی۔
واضح رہے کہ بھارت کے 27 اکتوبر 1947 کو کمشیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف کمشیری دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں، پاکستان اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں آج بھارتی سفارتخانوں کے باہر مظاہرے کیے جائیں گے۔