ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جاری ہے، پاکستان سمیت دنیا کرکٹ کی مشہور ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر سجانے کیلئے تگ و دو میں مصروف عمل ہیں۔ شاہینوں کی بات کی جائے تو پاکستان نے اپنے پہلے دونوں میچز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بھارتی سرماؤں کو شکست کا مزہ چکھانے کے بعد قومی ٹیم نے گزشتہ روز کیویز کا سکیورٹی حصار توڑ دیا۔
پاکستان نے گزشتہ شب نیوزی لینڈ کو سنسی خیز مقابلے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ محمد رضوان نے 33رنز کی شاندار اننگز کھیلی، شعیب ملک اور آصف علی کے ناقابل شکست 27 رنز نے کیویز کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔ فخر زمان، محمد حفیظ اور عماد وسیم نے گیارہ گیارہ رنز بنائےجبکہ بابر اعظم صرف 9رنز بناکرٹم ساؤتھی کی بال پر بولڈ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ کے سودھی نے دووکٹیں حاصل کیں۔مچل سانتنر،ٹم ساؤتھی ،ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔حارث رؤف کو چاروکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پاک نیوزی لینڈ میچ کے بیٹنگ ہیرو آصف علی نے اپنی شاندار کارکردگی کی اصل کہانی بتاتے ہوئے کہا کہ جب گیند لگا تو اس وقت یہی سوچا تھا کہ میچ ختم کرکے جاؤں گا۔ بیٹنگ پر گیا تو شعیب بھائی نے کہا کہ آج تمھارا دن ہے۔ شعیب بھائی نے کہا کہ سامنے کھیلنا اور اسی پر عمل کیا۔
آصف علی کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تو میچ تھا ہی مگر اس میچ میں کامیابی اصل ہدف تھا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جیتنے کی بہت خوشی ہے۔