(شاہد ندیم سپرا) لیسکو میں بجلی کے کنکشن کے حصول میں صارفین کیساتھ جعل سازی کا انکشاف، آن لائن سسٹم ہونے کے باوجود جعلی ڈیمانڈ نوٹسز کا اجرا کیا جانے لگا، بینکوں کی جعلی مہریں لگا کر فیس بھی جمع ہونے لگیں۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں صارفین سے بجلی کے کنکشن کے حصول میں بھی جعلسازی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی کے مختلف دفاتر میں جعلی ڈیمانڈ نوٹسز کا اجرا ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے، نہ صرف جعلی ڈیمانڈ نوٹسزجاری ہوئے بلکہ جعلی مہروں سے بینکوں میں ادائیگیاں بھی کی گئی ہیں، لیسکو میں گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کو مافیا کی جانب سے جعلی ڈیمانڈ نوٹسز دیئے گئے، ڈیمانڈ نوٹسز اور بینک کی ادائیگی کے معاملات پر سادہ لوح صارفین کو لوٹا جانے لگا ہے۔
لیسکو نے گزشتہ پانچ سال سے کنکشن کے حصول کے عمل کو آن لائن کر رکھا ہے، تاہم آن لائن سسٹم ہونے کے باوجود کمپیوٹرائزڈ جعلی ڈیمانڈ نوٹسز کے اجرا نے افسران کو چکرا کر رکھ دیا ہے، دیہی اور مضافاتی علاقوں میں ٹیوب ویلز کے کنکشنز پر بھی مینوئل ڈیمانڈ نوٹسز تیار کیے گئے ہیں، لیسکو نے مافیا کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈیمانڈ نوٹس پر درج متعلقہ بینک میں فیس کی ادائیگی کریں۔